عوام کو سہولتوں کی فراہمی کا تیقن

رکن اسمبلی جنگاؤں متی ریڈی یادگیری ریڈی کا خطاب
جنگاؤں /21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنگاؤں رکن اسمبلی متی ریڈی یادگیری ریڈی نے جنگاؤں میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ پوسٹ آفس سے لے کر وڈلہ کنڈہ روڈ تک کی سڑک کی توسیع کے لئے کام شروع کیا۔ ایک عرصہ سے یہ سڑک صحیح نہ رہنے سے عوام کو کافی مشکلات پیش آرہی تھیں۔ رکن اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ جنگاؤں اسمبلی حلقہ کے تمام علاقوں کے عوام کو سہولت پہنچانے کے لئے سڑکوں کی درستگی کی جائے گی۔ مستقر جنگاؤں میں پینے کے پانی کی سہولت کے لئے گوداوری ندی کا پانی جو وڈلہ کنڈہ ڈیم میں جمع ہو رہا ہے، صاف کرکے عوام کو نلوں کے ذریعہ سپلائی کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مستقر کی اسٹریٹ لائٹس بھی درست کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی کے کاموں کے لئے عوام ہم سے ربط پیدا کرسکتے ہیں، ہم آپ کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔اس موقع پر مجلس بلدیہ چیرمین جنگاؤں پریم لتا ریڈی، کونسلرس ونگا کلیانی، محمد اعجاز، شمس آفرین، نرسی ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔