عوام کو رائے دہی سے دور کرنے پر بے قاعدگی کا اندیشہ

سرپنچ انتخابات میں جدید نظام کی شدید مخالفت، آر ڈی او کریم نگر کو کانگریس کی یادداشت
کریم نگر۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی نے مطالبہ کیا کہ مجوزہ منعقد ہونے والے گرام پنچایت چناؤ میں سرپنچ کا چناؤ راست عوام کی رائے سے پرانے طریقہ کار پر ہی ہونا چاہیئے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی ہدیت پر ڈی آر او سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی گئی۔ ضلع کانگریس کمیٹی صدر کٹکم مرتنجیم، سابق ایم پی پونم پربھاکر، سابق وزیر آرے پلی موہن، صدر ڈی سی سی دلت صدر سابق ایم ایل اے کے ستیہ نارائناگوڑ، سابق میئر ڈی شنکر، سابق زیڈ پی چیرمین اڈلوری لکشمن کمار ڈی آر او عائشہ مسرت خانم کو یادداشت حوالے کرنے کے دوران موجود تھے۔اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کٹکم مرتنجیم نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت حال میں گرام پنچایت چناؤ میں سرپنچ کا چناؤ وارڈ ممبرس کے ذریعہ نہیں ہونا چاہیئے بلکہ سابقہ طریقہ کار کے تحت ہی راست طور پر عوام کے ذریعہ ہی کروائے جانے کی ضرورت ہے۔ جاریہ ماہ 23اور 27تاریخ کو اسمبلی حلقوں میں تحصیلداراور آر ڈی او کو یادداشتیں حوالے کی گئیں اور آج متحدہ کریمنگر ضلع میں کلکٹر کریم نگر کو یادداشت پیش کی جانے والی تھی لیکن ان کی غیر موجودگی میں ڈی آر او کو یادداشت حوالے کی گئی۔ علاوہ ازیں تحصیلدار کو بھی اس ضمن میں یادداشت پیش کی گئی۔ ان قائدین نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت نے دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی و ارکان پارلیمنٹ کو خریدا گیا اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا کہ سرپنچوں کو منتخب کرنے کیلئے وارڈ ممبرس کو بھی خریدا جائیگا اور ان کی تائید سے اپنی پارٹی امیدواروں کو سرپنچ کا عہدہ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ اس طرح کے طریقہ کار کی کانگریس پارٹی شدت سے مخالفت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سابقہ طریقہ کار کے مطابق ہی سرپنچ انتخابات کروائے۔