نئی دہلی ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں تشکیل حکومت کیلئے اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی کو باہر سے تائید کرنے والی کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ حکمراں جماعت اعداد اور ہندوسوں میں ہیرپھیر کرتے ہوئے مفت پانی کی سربراہی کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ کانگریس کے لیڈر مکیش شرما نے کہا کہ 666 لیٹر سے زائد پانی استعمال کرنے والوں سے پورے بل کی وصولی اور دس فیصد سرچارج کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔
کجریوال نے انا کی تحریک کا اغواء کرلیا:رام دیو
جالندھر ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں تشکیل حکومت کیلئے کانگریس سے حصول تائید پر اروند کجریوال کی مذمت کرتے ہوئے یوگا گروہ رام دیو نے آج الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر دراصل انا ہزارے کی تحریک کا اغواء کرتے ہوئے دہلی کے چیف منسٹر بنے ہیں ۔ رام دیو نے یہاں ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کجریوال نے اپنی خواہش (چیف منسٹر) کا عہدہ حاصل کرلیا ۔ انہوں نے انا ہزارے کی تحریک کا اغواء کرتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے اس مقام پر پہونچنے کیلئے انا کی انسداد رشوت ستانی تحریک کو استعمال کیا ‘‘۔