نظام آباد کے تمام مواضعات میں زیر زمین ڈرینج کی تعمیر کا وعدہ ، ٹی آر ایس پارلیمانی امیدوارہ کویتا کا بیان
نظام آباد :10؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی حلقہ پارلیمانی نظام آباد کی امیدوارہ کے کویتا، اسمبلی امیدوار بی گنیش گپتانے آج میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع نظام آباد میں ٹی آرایس کو بھاری کامیابی حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی اور کہا کہ ٹی آر ایس عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں تمام سیاسی جماعتوں سے زیادہ دلچسپی رکھتی ہے گذشتہ کئی سالوں کے جدوجہد کے نتیجہ میں تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ہے اور تشکیل کے بعد انتخابات میں ضلع کی عوام ٹی آرایس کو کامیاب بنانے کے منتظر ہیں انہوں نے بی جے پی اور تلگودیشم کے ناپاک اتحاد کہا کہ بی جے پی کوووٹ دینا چندرا بابو نائیڈو کو ووٹ دینے کے برابر ہے چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کی تشکیل میں رکاوٹ پیدا کی تھی اور بی جے پی نے ان سے اتحاد کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے کانگریس پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ ہائی کمان کی ہدایت پر منحصر رہتی ہے اور سیما آندھرا کے قائدین کے اشاروں پر چلتی ہے لہذا کانگریس کو اس مرتبہ سبق سکھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ضلع نظام آباد کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد پارلیمانی حلقہ کے تمام دیہاتوں میں انڈر گرائونڈ ڈرین کی تعمیر اور آبی سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ آرمور کے کسانوں کو ہلدی بورڈ قائم کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کرنے کے علاوہ خلیج کے متاثرین کی باز آبادکاری کیلئے بھی اقدمات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے امیدوار مسٹر مدھوگوڑ یاشکی نے ریلوے لائن کی تنصیب کا عوام کو تیقن دیا لیکن اس پر عمل کرنے سے قاصر رہے۔ نظام آباد جگتیال، آرمور نرمل ریلوے لائن کی تنصیب کے کاموں کو جنگی پیمانے پر تکمیل کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کے علاوہ بانسواڑہ، بیدر، ریلوے لائن کی تنصیب کیلئے بھی جدوجہد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ضلع کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ خواتین کی فلاح وبہبودی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی جانب سے جو عزم کیا جاتا ہے تو اس تکمیل یقینی ہوتی ہے خواتین گروپ کی جانب سے کروڑہا روپئے کے معاشی کاروبار کرتے ہوئے ملک بھر میں ڈاکر اگروپ کی خواتین نے ایک منفرد مقام بنایا ہے ضلع میں خواتین کی جانب سے مکمل تائید حاصل ہونے کا ارادہ ظاہر کیا کیونکہ تلنگانہ جاگرتی صدر کی حیثیت سے خواتین نے ان کا مکمل ساتھ دیا تھا اور پارلیمنٹ کے انتخابات میں کامیابی کیلئے بھی ہمکنار ہوں گے۔ اس موقع پرصدر ضلع ٹی آرایس ایگا گنگاریڈی، پولیٹ بیورو کے رکن اے ایس پوشٹی، نظام آباد اربن انچارج بسوا لکشمی نرسیا، ٹی آرایس کے قائدین ایس اے علیم، طارق انصاری، حلیم قمر، سجیت سنگھ تھاکرو دیگر بھی موجود تھے۔