سرسلہ کو مثالی ترقی دینے کا عزم، فتح ریالی سے کے ٹی راما راؤ کا خطاب
گمبھی راؤ پیٹ۔/19 ڈسمبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علاقہ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میرا نصب العین ہے۔ علاقہ میں ابھی تک صرف 25فیصد ترقیاتی کاموں کی تکمیل ہوئی۔ آئندہ دنوں ما باقی 75 فیصد کاموں کو بھی مکمل کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سرسلہ و ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ٹی راما راؤ نے کیا۔ وہ آج یہاں سرسلہ میں اپنی فتح ریالی کو مخاطب کررہے تھے۔ کے ٹی راما راؤ کی بھاری اکثریت سے کامیابی ونیز ورکنگ پریسیڈنٹ بنائے جانے کے بعد ان کا یہاں یہ پہلا دورہ تھا۔ تلنگڈہ پلی بائی پاس سے انہیں شاندار استقبال کے بعد کھلی جیپ میں سرسلہ شہر لایا گیا جہاں وہ مجسمہ امبیڈکر، مجسمہ گاندھی جی کو پھول مالا ڈالی اور گاندھی چوک پر فتح ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ عوام نے انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی سے ہمکنار کیا ہے وہ عوام کی خواہشات کے عین مطابق کام کرتے ہوئے عوامی بنیادی سہولیات کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سرسلہ کو معیاری ترقی دے کر ملک میں نمبر ون حلقہ اسمبلی کے روپ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی سفر کا آغاز سرسلہ سے ہوا ہے جس کو وہ کبھی بھی بھول نہیں پائیں گے۔ وہ آج تلنگانہ کے کونے کونے میں انتخابی مہم کے دوران دورہ کرچکے ہیں اور وہاں ان کی شہرت اور عزت ملی ہے وہ آپ ہی کی دین ہے۔ آج وہ اس مقام پر ہیں تو بس حلقہ عوام کی بدولت ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے ان کی نظروں میں سب ایک اور مساوی ہیں، وہ بلاتفریق مذہب و ملت ہر ایک کو ترقی کی سمت گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ایک نئی ریاست ہے جو 2004 میں تشکیل پائی ہے اس کے باوجود بھی کے سی آر نے اس ریاست کو ترقی کے معاملہ میں نمبر ون سطح پر لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے سی آر کی زیر قیادت ترقی کی طرف گامزن ہوگی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کا خواب ہے کہ وہ تلنگانہ میں سبز انقلاب لائیں جس کے تحت انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا جس کے ذریعہ تلنگانہ بھر میں کاشتکاری کیلئے پانی سربراہ ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ اندرون چھ ماہ علاقہ کے 12 منڈلوں کو پانی سربراہ کیا جائے گا اور علاقہ کی ایک لاکھ ایکر اراضی کاشت کے قابل رہے گی۔ بعد ازاں کے ٹی راما راؤ نے ساڑیوں کی تقسیم کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر زیڈ پی ٹی سی ٹی اوما ، جکالہ راما راؤ، شنکریا وغیرہ موجود تھے۔