عوام کو برقی کی موثرسربراہی کیلئے حکومت کوشاں

سنگاریڈی ۔ 10اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک مسٹر راہول بوجا نے سنگاریڈی جدید کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2011ء مردم شماری کی تفصیلات تمام پنچایتوں‘ منڈلوں اور بلدیات کو روانہ کئے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں کسی قسم کی تبدیلیاںہوں تو درخواستیں پیش کی جاسکتی ہیں ۔ سال 2011ء کی مردم شماری کے مطابق دیہی سطح پر آبادی کا تناسب 25لاکھ 32ہزار 603 ہے جبکہ شہری علاقوں میں 3لاکھ 80ہزار 69 ہے ۔ ماہ ڈسمبر 30 تاریخ تک درخواستیں پیش کرتے ہوئے اپنی شکایتیں دور کروالیں ۔ ضلع کلکٹر راہول بوجا نے کہا کہ ضلع میدک میں کاشتکاروں کیلئے موسم خریف میں ایک ہزار کروڑ روپئے کے قرض جاری کرنے کا نشانہ رکھا گیا تھا جبکہ 250 کروڑ روپئے جاری کئے گئے مزید رقم بھی جلد جاری کی جائے گی ۔ اس خصوص میں ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ضلع میدک میں بافندوں کو قرض جاری کئے جارہے یں ۔ انہوں نے قرضوں کی معافی کے سوال پر کہا کہ کسانوں کے قرضوں کو رو شیڈول کیا جارہا ہے اور نئے قرض جاری کئے جارہے ہیں ۔ برقی کٹوتی کے مسائل پر کہا کہ برقی بحران پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بی ایچ ای ایل سے 10ہزار میگاواٹ برقی اندرون ایک سال حاصل کی جائے گی جس سے کچھ حد تک برقی مسائل کم ہوں گے ‘ برقی مسائل پر قابو پانے کیلئے سولار سسٹم کی اہمیت و افادیت سے متعلق عوامی شعور بیداری کی بھی ضرورت ہے ۔ کسانوں کو برقی سربراہی تین مرحلوں میں کی جارہی ہے ۔ شہری علاقوں میب ھی برقی کٹوتی کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت برقی مسئلہ پر قابو پانے اور عوام کو برقی کی موثر سربراہی کیلئے کوشاں ہے ۔ ضلع میدک میں پینے کے پانی کی سربراہی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ‘ ہر گھر میں نل کے ذریعہ پانی سربراہ ہوگا جس کیلئے ضروری اقدامات جلد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی ‘ ظہیرآباد ‘ سداسیوپیٹ اور پٹن چرو میں پینے کے پانی کی موثر سربراہی کیلئے پوائنٹس بنائے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ گجویل ‘ سدی پیٹ ‘ نارائن کھیڑ‘ میدک کے عوام کو بھی پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ محکمہ زراعت اور ریونیو میں تال میل نہ ہونے کی شکایت پر کہا کہ دونوں محکموں کو ملکر کام انجام دینے ہدایت جاری کی جائے گی اور عوام و کسانوں کے مسائل جلد حل کرنے کے اقدامات کرنے کہا جائے گا ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ طلباء و طالبات فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت انکم سرٹیفیکٹ ‘ ذات سرٹیفیکٹ 15اکٹوبر سے تحصیل آفس سے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ طلبہ کو چاہیئے کہ اپنی تفصیلات تحصیل آفس میں پیش کرتے ہوئے سرٹیفیکٹ حاصل کرلیں ۔ اس خصوص میں تمام تحصیلداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ طلبہ کے انکم ‘ ذات ‘ رہائش سرٹیفیکٹس بعد تحقیق جاری کردیں ۔ ضلع کلکٹر راہول بوجا نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کارڈس بھی جاری کئے جارہے ہیں جس کو حاصل کرنے کیلئے صرف اپنا نام اور پتہ وی آر او کے پاس درج کروائیں ۔ ضلع میں ہر سال ماہ جولائی میں ہر اسمبلی حلقہ میں 40لاکھ پودوں کی شجرکاری عمل میں آئے گی اور ہر سال مزید 40 لاکھ پودوں کا اضافہ کیا جائے گا ۔ مائیکرو اریگیشن‘ نبراڈ ‘ تازہ اور فرحت بخش ہوا کا حصول اور فضائی آلودگی کو دور کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معذورین کیلئے وظائف بھی جاری کئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں وی آر اوز کو اپنی تفصیلات پیش کریں ‘ اس موقع پر ڈاکٹر شرتھ ضلع جوائنٹ کلکٹر و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔