کلواکرتی میں کارڈن سرچ کے بعد ایس پی کی میڈیا سے بات چیت
کلواکرتی ۔ /25 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی کے محلہ اندرا نگر میں رات 12 بجے سے صبح 5.30 بجے تک محکمہ پولیس کی جانب سے ضلع ایس پی اور نائب ایس پی کی راست نگرانی میں اچانک تنقیح عمل میں آئی جبکہ صبح 6 بجے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع ایس پی سن پریت سنگھ نے بتایا کہ عوام کا اعتماد ہی پولیس کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ رات 12 بجے جب اچانک بغیر اطلاع کے ہم نے اندرا نگر میں تنقیح کی تو عوام کا تعاون بہت رہا جس کے سبب پولیس کو تنقیح میں بہت آسانی رہی ۔ واضح ہو کہ گزشتہ کچھ ماہ سے راتوں کے اوقات میں مختلف اضلاع میں کارڈن اینڈ سرچ کے نام سے پولیس کی جانب سے مکانوں اور گاڑیوں اور افراد کی تنقیح عمل میں لائی جارہی ہے جس کے سبب مشتبہ افراد اور مفرور مجرم اور غیر قانونی کاموں میں مصروف افراد بہ آسانی پولیس کی گرفت میں آرہے ہیں ، اسی طرح چوری کی گاڑیاں و دیگر اشیاء بھی آرہے ہیں جو کہ بہت ہی خوش آئند بات ہے ۔ آج کی اس تنقیح میں پولیس کو ایس پی اور نائب ایس پی کے منجملہ 175 پولیس افراد پر مشتمل گروپ تھا ۔ 200 گھروںکی تنقیح عمل میں آئی جہاں پر پولیس کو 30 بائکس ، دو آٹوز ، اور ایک مشتبہ شخص گرفت میں آیا ۔ یہ بات ضلع ایس پی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتائی ۔