مدہول۔/20اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلگودیشم پارٹی کے اقتدار میں بہت سے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ باسر کو ریاست بھر میں ایک مقدس مقام کے طور پر ابھارا گیا، یہاں مندروں کے شہر میں بہت سے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ اس بات کا اظہار مسٹر راتھوڑ رمیش حلقہ پارلیمنٹ عادل آباد کے تلگودیشم پارٹی امیدوار نے حلقہ مدہول کے باسر، بیدریلی، مدہول، بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے روڈ شو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور اقتدار میں پراجکٹ اور دیگر ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپیوں کا غبن کیا گیا ہے جس سے ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقہ کو پریشان کردیا ہے۔ جس کی وجہ سیعوام کانگریس پارٹی سے بدظن ہوچکے ہیں۔ اس طرح ٹی آر ایس پارٹی بھی عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے بڑے بڑے دعوے کررہی ہے لیکن آج اس پارٹی کی حالت اس کے برعکس ہے۔ مسٹر راتھوڑ رمیش نے تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی رکن اسمبلی امیدوار راما دیوی کو کامیاب کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ مسٹر راتھوڑ رمیش کے ہمراہ راما دیوی بی جے پی امیدوار ایم ایل اے مدہول بی انیل سرپنچ مدہول، بی جے پی قائد مسٹر لکشمن راؤ، سابق نائب صدرنشین منڈل پریشد مدہول کے علاوہ بی جے پی اور تلگودیشم پارٹی ورکرس موجود تھے۔