عوام ٹی آر ایس حکومت سے بیزار

سوریا پیٹ 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس کی موجودہ ریاستی حکومت ناکام حکومت ہے۔ ارباب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے سیر و سیاحت میں لگے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انچارج تلگودیشم سوریا پیٹ ڈیویژن نے کیا۔ وہ پارٹی آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ پٹیل رمیش ریڈی نے کہاکہ ریاست میں ایک طرف کسان طبقہ زبوں حالی کا شکار ہے دوسری طرف چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ لاکھوں، کروڑوں روپئے اپنے بیرونی ممالک سفر پر خرچ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ روز بروز ریاست کے حالات دیگر گوں ہوتے جارہے ہیں لیکن حکومت کوئی عملی اقدامات نہیں کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس نے عوام سے بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے سنہرا تلنگانہ کا خواب دکھاکر اقتدار حاصل کیا لیکن عوام تاحال حکومت کے وعدوں کی تکمیل کا انتظار کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کا ہر طبقہ مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے اور ہر دن مسائل میں اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت مسائل کی یکسوئی کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ تلگودیشم کے دور اقتدار میں ہی ریاست کو ترقی حاصل ہوئی اور سربراہ تلگودیشم چندرابابو نائیڈو نے حیدرآباد کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔ انھوں نے کہاکہ آج جو بھی ترقی نظر آرہی ہے وہ تلگودیشم کی مرہون منت ہے اور تلنگانہ کے عوام کے خوابوں کو بھی تلودیشم ہی شرمندہ تعبیر کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ عوام موجودہ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں اور حکومت کی لاپرواہی اور بے توجہی کا خمیازہ ٹی آر ایس کو بھگتنا پڑے گا۔ انھوں نے کہاکہ عوام موجودہ حکومت کو زبردست سبق سکھائیں گے۔ پی رمیش ریڈی نے کہاکہ حلقہ اسمبلی میں بھی مختلف مسائل ہیں، عوام پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔ اندرون چار ماہ پالیر ذخیرہ آب سے سربراہی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس پر بھی اب تک کوئی پیش قدمی نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہاکہ صرف خوش کن وعدوں سے زیادہ عرصہ تک حکومت نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے اس حکومت کو اعلانات کرنے والی حکومت قرار دیا اور تلگودیشم کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو اُجاگر کریں اور عوام سے ربط مضبوط کریں۔ اس موقع پر ہدی ریڈی راجہ سید شفیع اللہ و دیگر موجود تھے۔