نئی دہلی ۔11دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان اسمبلی انتخابات کے نتائج کو بی جے پی حکومت کے تئیں عوام کا غصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے 2019 میں تبدیلی کا واضح اشارہ دے دیا ہے ۔ کانگریس کے قد آور رہنما جیوتر ادتیہ سندھیا نے منگل کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کے مد نظر یہ تبصرہ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا،‘ عوامی رائے تبدیلی کا واضح اشارہ دے رہی ہے ۔ کانگریس کے تمام جاں باز ساتھیوں سے امیدکرتا ہوں کہ پوری ذمہ داری سے عوام کی امیدوں پر کھرا اتریں گے ’۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اشوک گہلوت نے بھی کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج 2019 کے عام انتخابات میں تبدیلی کے اشارے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے تین دہائی قبل 2014 میں پہلی دفعہ مرکز میں واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنائی تھی، لیکن انہوں نے عوامی رائے کا سمجھداری سے استعمال نہیں کیا اور وہ کنارے پڑ گئے ۔ ان کے صلاح کاروں نے انھیں درست صلاح نہیں دی اور اس کا نتیجہ انھیں ان اسمبلی انتخابات میں مل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو کنارے لگانے میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سب سے پہلے مودی اور امت شاہ کو ان کے گھریلو ریاست گجرات میں کنارے لگایا۔ اس کے بعد وہ ابھر نہیں پائے ۔ اب ہندوستانی عوام نے واضح عندیہ دیا ہے کہ مودی۔شاہ کی جوڑی سے وہ ناراض ہیں اس لیے انھیں ہٹانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ریزرو بینک جیسے اداروں کو برباد کر دیا ہے اور یہ جمہوریت کے حق میں بالکل ٹھیک نہیں ہے ۔