عوام سے دوستانہ تعلقات کا پولیس کو مشورہ

محبوب نگر ۔24 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے کی ذمہ داری خاندان کے بڑے لوگوں کے ساتھ ساتھ سماج کے ذی اثر دانشوروں پر بھی عائد ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع یس پی وشوا پرساد نے ایس پی آفس میں ضلع کے مختلف مقامات سے شکایتیں لیکر آنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ ضلع یس پی نے شکایات وصول کئے اور متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں اور ملازمین سے کہا کہ عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی سے بھی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے اس کا انسداد ہم تمام کی ذمہ داری ہے ۔ اس موقع پر امنگل سے آئی شوبھا نے ان کے بھائی نے جو خودکشی کی ہے اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ نارائین پیٹ کی سجاتا نے ان کے نام پر کسی اور کے لون لینے کی شکایت کی اور کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر اے ایس پی ملاریڈی و دیگر موجود تھے ۔