بغداد ، 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے مذہبی رہنما آ یت ا للہ علی السیستانی نے عراقی عوام پر زور دیا کہ وہ ملک میں تشدد کی آگ بھڑکانے والے دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھالیں اور اپنے ملک کا دفاع کریں ۔ دوسری جانب دولت اسلامیہ عراق و شام کے جنگجوؤں کی پیشقدمی جاری ہے اور جمعہ کو جنگجوؤں نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال مغرب میں مزید دو قصبوں پر قبصہ کرلیا ۔ ادھر امریکی صدر براک اوباما نے عراق کی صورتحال پر اپنے بیان میں زمینی کارروائی سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عراق میں جاری پرتشدد کارروائیوں کے خاتمے کیلئے آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ پڑوسی ملک ایران نے بھی عراقی فوج کی مدد کیلئے پاسداران انقلاب کے 500 فوجیوں کو عراق بھیج دیا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آئی ایس آئی ایل کو نہ صرف عراق بلکہ امریکہ کیلئے بھی بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ کربلا میں نماز جمعہ کے موقع پر آیت اللہ علی السیستانی کے ترجمان نے ان کے ایک بیان میں کہا ، ’’وہ عراقی شہری جو ہتھیاروں کے استعمال کے متحمل ہوسکتے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف لڑسکتے ہیں ، وہ اپنے ملک ، اپنے عوام اور اپنے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے خود کو ر ضاکارانہ طور پر اس جنگ میں شریک کرلیں، اس غرض سے انہیں سکیوریٹی فورسس کے ساتھ مل کر اس نیک مقصد کے حصول کی کوشش کرنی چاہئے ‘‘۔