شاذیہ علمی، کرن بیدی سے زیادہ خوبصورت
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پریس کونسل آف انڈیا کے سابق چیرمین مرکنڈے کاٹجو کے اس ریمارک پر زبردست ہنگامہ ہورہا ہے کہ شاذیہ علمی، کرن بیدی سے زیادہ خوبصورت ہیں۔ اگر شاذیہ علمی کو چیف منسٹر کا امیدوار بنایا جاتا تو بی جے پی کی کامیابی یقینی ہوگی۔ سوشیل میڈیا پر اس بیان کے خلاف شدید تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ مرکنڈے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ اگر بی جے پی نے کرن بیدی کے بجائے شاذیہ علمی کو دہلی کا چیف منسٹر امیدوار نامزد کیا ہوتا تو ٹھیک ہوتا کیوں کہ رائے دہندے اکثر خوبصورت لوگوں کو ووٹ دیتے ہیں۔ ان کی طرح دیگر افراد بھی جو ووٹ دینا نہیں چاہیں گے شاذیہ علمی کے لئے ووٹ ضرور دیں گے۔ انتخابات میں لوگ خوبصورت چہروں کو پسند کرکے ووٹ دیتے ہیں جیسا کہ کروشیا میں ہوا تھا۔ ان کے اس ٹوئٹر بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ان کے خیال کو بے ہودہ قرار دیا گیا ہے جس کے جواب میں پریس کونسل آف انڈیا کے سابق چیرمین نے ناقدین سے کہا ہے کہ وہ بذلہ سنجی کے شعور کو بڑھائیں اور دعویٰ کیاکہ ان کے ریمارکس کو اہمیت نہیں دی جانی چاہئے، اس کو یوں ہی ایک خیال تصور کیا جائے۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ جسٹس مارکنڈے کاٹجو کو شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا ہے بلکہ اس سے قبل بھی کئی موقعوں پر انھیں عوامی برہمی اور سیاسی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔