نارائن پیٹ میں کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے ومشی چندرریڈی کا خطاب
نارائن پیٹ ۔ 31 ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ٹاؤن کے شیلا گارڈن فنکشن ہال میں آج حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے کانگریس کارکنوں اور قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارلیمانی حلقہ محبوب نگر کے کانگریسی امیدوار مسٹر ومشی چندرریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ پر خاندانی حکمرانی کو ختم کرتے ہوئے عوامی حکومت و حکمرانی کو قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکز اور ریاست میں عوام دشمن اور کسان دشمن حکومت قائم ہے ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا کہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں ۔ مایوسی کو قریب آنے نہ دیں ‘ عوامی طاقت کے آگے کوئی طاقت تک نہیں ہوسکتی ۔ عوام اب جاگ گئے ہیں۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے حلقہ محبوب نگر سے کانگریس کے امیدوار مسٹر ومشی چندریڈی کوبھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کے لئے متحدہ طور پر جدوجہد کرنے کا عہد کیا ۔ اس اجلاس میں کانگریس قائدین مسٹر کے شیوکماریڈی‘ مسٹر ویراریڈی ‘جی سدھاکر‘ منیراحمد فاروقی ‘ عبدالسلیم ایڈوکیٹ ‘ محمود قریشی ‘ سرفراز حسین انصاری‘ محمد غوث ‘ شیواریڈی و دیگر قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔