عوامی مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کا تیقن

جگتیال میں بلدیہ کا اجلاس، رکن پارلیمان کے کویتا کا خطاب
جگتیال 27 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال شہر کئی ایک مسائل سے دوچار ہے۔ اس کی ترقی اور مسائل کی یکسوئی کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا نے آج جگتیال بلدیہ جائزہ اجلاس میں منتخب نمائندوں، مختلف محکموں کے عہدیداران کے ساتھ ضلع کلکٹر ریتو کمار کی قیادت میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ جگتیال کا جائزہ اجلاس آج کونسل میں چیرپرسن ٹی وجیہ لکشمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کے کویتا نے شرکت کی۔ جگتیال میں سب سے اہم مسئلہ ٹریفک کا ہے۔ ماسٹر پلان پر زور دیئے بغیر لے آؤٹ تعمیرات بغیر سیڈ بیاک تعمیرات سے سڑکوں کی تنگی جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ اور سڑکوں پر غیر مجاز قبضے فٹ پاتھ کاروبار کے علاوہ ٹرانسپورٹ شہر کے حدود میں واقع رہنے سے بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت سے کئی مسائل ہورہے ہیں۔ موسم گرما میں پانی کی سربراہی ہے۔ متاثرہ وارڈس میں واٹر ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور پرانی پائپ لائن کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا۔ جگتیال کی واحد ترکاری مارکٹ پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں۔ ایک ایکر سے زائد رقبہ پر ۔تھی اس وقت 18 گنٹے پر ہی محیط ہوگئی ہے۔ عبدالباری کونسلر نے کہاکہ مسلم آبادی میں واقع 150 سالہ قدیم قبرستان ناکافی ہورہا ہے جس کے لئے نئے قبرستان کے لئے دس ایکر اراضی کا مطالبہ کیا اور جدید عیدگاہ کیلئے اراضی اور قاضی پورہ ہائی اسکول میں فرید کلاس رومس منظور کرنے کے لئے وائس چیرمین سراج الدین منصور نے رکن پارلیمنٹ کو یادداشت حوالے کی اور بڑے گوشت کی مارکٹ کی ترقی کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ راجندر کونسلر نے چنتہ کنٹا تالاب اور کنڈلہ پلی تالاب موتے تالاب کو کاکتیہ مشن کے تحت لیکر صفائی کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام اور کسان برادری کو فائدہ پہونچے گا۔ مختلف کونسلرس نے اپنے وارڈس میں پینے کے پانی کا مسئلہ اور وظائف کے تعلق سے شکایت کی۔ بیڑی مزدوروں کے وظائف کے بارے میں وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی ایف کٹانے کے باوجود بعض وظائف منظور نہ کرنے کی شکایت کی۔ روزانہ مزدوری پر بیڑی بنانے والوں وظائف کی منظوری کے تعلق سے منیرالدین منا نے سوال کیا اور انھوں نے اپنے وارڈ میں گورنمنٹ سے واٹر پلانٹ منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ تمام مسائل سے واقفیت کے بعد کویتا نے اپریل میں مزید اور ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اور شہر کا پیدل دورہ کرتے ہوئے شہر کی ترقی کیلئے اور عوامی مسائل کی یکسوئی اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر اس اجلاس میں تحصیلدار، ایم پی ڈی او الیکٹرسٹی ڈی ای، اے ای، میونسپل کمشنر ماروتی پرساد ڈی ای، رام چندرم اے ای، رحیم آر اینڈ بی ڈی ای ، اے ای اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔