عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت

سوریا پیٹ ۔ 28مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہر گھر کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے مقصد سے مشن بھگیرتا اسکیم کو متعارف کیا ۔ اس اسکیم کے ذریعہ تلنگانہ بھر میں آبرسانی نظام کو بہتر بنانے کیلئے حکومت جدوجہد میں لگی ہوئی ہے ۔ عہدیداران و عوامی نمائندوں کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرواتے ہوئے انہیں مستفید کرانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی امداد وباہمی برقی توانائی و رکن اسمبلی سوریا پیٹ مسٹر جی جگدیش ریڈی نے آر ڈی او آفس سوریا پیٹ میں عہدیداران و عوامی نمائندوں کے مشترکہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر برقی مسٹر ریڈی نے اپنے خطاب میں ضلع نلگنڈہ میں چلنے والیسنگین آبی بحران کے حوالے سے بتایا کہ ضلع نلگنڈہ میں ناگر جنا ساگر ڈیم ہے ۔ اس کے باوجود ضلع کے بعض مقامات پر سنگین آبی قلت کی شکایت ہے ۔ اس کی وجہ سابق آندھرائی قیادت ذمہ دار ہے ۔ جگدیش ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ حکومت نے دریائے کرشنااورپالیر ذخیرہ آب سے سربراہی آب کویقینی بنانے کیلئے نہ صرف جامع منصوبہ کو قطعیت دی ہے بلکہ 700کروڑ روپیوں کی لاگت سے آبی پائپ لائن تنصیبی کاموں کا آغاز کیا ہے ۔ اگر ترقیاتی کاموں کی جلد از جلد تکمیل ہوتی ہے تو اس کا راست فائدہ سوریا پیٹ کو ہوگا ۔ ساتھ ہی تنگاترتی‘ کوداڑ‘ حضورنگر ‘ ترمل گرتی منڈلوں میں سربراہی آب میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر مشن کاکتیہ کے تحت ضلع نلگنڈہ میں چلنے والے ترقیاتی و تعمیری کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عہدیداروں کو عوام سے تال میل رکھنے اور عوام کے جائز مطالبات کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اور ساتھ ہی ساتھ حکام کو سرکاری فنڈز کا صحیح استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے موسم گرما میں بھی زرعی اغراض کیلئے کسانوںکو یومیہ 9گھنٹے برقی کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر آر ڈی او سرینواس ریڈی ‘ مشن بھگیرتا ڈائرکٹر پرساد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ایم ڈی او جیوتی ‘ مقامی تحصیلدار محمود علی کے علاوہ ایم آر اوز ‘ ایم پی ڈی اوز اطراف و اکناف کے ایم پی ٹی سیز عوامی نمائندوں کی کثیر تعداد شریک تقریب رہی ۔