عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کرنے کا عزم

نارائن کھیڑ /28 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسٹر بھیم راؤ بسونت راؤ پاٹل نے کہا کہ آئندہ منعقد شدنی پارلیمانی انتخابات میں حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کی نشست پر بحیثیت رکن پارلیمان منتخب ہونے کا انہیں موقع دیا جائے تو وہ حلقہ پارلیمنٹ ظہیرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے علاوہ عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی اور ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ۔ مسٹر بھیم راؤ بسوانت راؤ پاٹل جو ضلع نظام آباد کے مدنور منڈل کے موضع سرپور کے متوطن ہیں جن کا تعلق ایک کسان گھرانے سے ہے اور وہ فی الوقت ایک معروف بزنس مین ہیں کل شیٹکار فنکشن ہال نارائن کھیڑ میں منعقدہ اپنے ایک تعارفی جلسہ عام کو مخاطب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کی نشست کیلئے انتخابی مقابلہ کے متمنی ہیں اور کہا کہ وہ پارلیمانی انتخابات کے موقع پر کس پارٹی سے مقابلہ کریں گے ابھی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ۔

عنقریب فیصلہ کیا جائے گا ۔ مسٹر بھیم راؤ بسوانت راؤ پاٹل نے کہا کہ وہ ایک کسان گھرانے میں پیدا ہونے کے باوجود جذبہ خدمت خلق کا عہد کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ ان کے سیاسی میدان میں اترنے کا مقصد صرف اور صرف حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کی ترقی اور اس حلقہ کے عوام کی خوشحالی ہے ۔ آخر میں انہوں نے حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ انہیں کامیابی سے ہمکنار کرکے عوام کی خدمت کا موقع دیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود سرپنچ مدنور مسٹر دارا سائیلو ، جنرل سکریٹری ایم آر پی ایس ضلع نظام آباد مسٹر یادو ، چیرمین پی اے سی ایس ڈونگلی مسٹر اشوک پٹیل ، سرپنچ ایلے گاؤں مسٹر بھیم راؤ ، سرپنچ کھنڈے کھیرو مسٹر نرسمہلو ، سابق سرپنچ موگا مسٹر راما گوڑ ، میناریٹی قائد ایلے گاؤژ مسٹر چاند پٹیل ، راجیش دیشمکھ، رمیش دیسائی ، ہنمنت راؤ ، بھاؤ راؤ پٹیل ، گجو دیسائی نے بھی مخاطب کرتے ہوئے حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کی نشست سے مقابلہ کے متمنی مسٹر بھیم راؤ بسونت راؤ پاٹل کے کردار ، اوصاف اور ان کا مختصر تعارف کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ انہیں کامیاب بنائیں ۔