نظام آباد:26؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے ڈیویژن نمبر 21 دھاروگلی و لائن گلی میں عوام کو پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے جنگی خطوط پر بورویلوں کی فلیشنگ کرتے ہوئے نئے سبمر سیبل پمپ کی تنصیب عمل میں لائی گئی ۔ متعلقہ کارپوریٹر وفلور میونسپل کارپوریشن ایم اے قدوس کی جانب سے کی گئی کامیاب کوششوں کے نتیجہ نصب کئے گئے ۔ دو سبمر سیبل پمپ کا مئیر آکولہ سجاتا نے آج افتتاح کیا اور کہا کہ عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے ہر ممکن عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دو سبمر سیبل برقی پمپ کی تنصیب کیلئے 75 ہزار روپئے فنڈ خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے نظام ساگر سے علی ساگر کیلئے پانی لایا گیا جو اگلے آٹھ ماہ تک سربراہی کیلئے کافی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے پانی کے حصول کیلئے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ متعلقہ کارپوریٹر ایم اے قدوس نے کہا کہ ڈیویژن نمبر 21 دھاروگلی و لائن گلی میں عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے قدیم و ناکارہ بورویلوں کی فلیشنگ کرتے ہوئے نئے سبمر سیبل پمپ نصب کئے گئے ۔ جس سے مقامی عوام کو راحت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی ضروریات کی تکمیل اور مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پانی کی سربراہی ٹینکروں کے ذریعہ بھی کی جارہی ہے ۔ بعدازاں کارپوریٹر ایم اے قدوس نے مئیر آکولہ سجاتا کو دھاروگلی و لائن گلی کا پیدل دورہ کرواتے ہوئے عوامی مسائل سے واقف کروایا اور نئی نالیاں و کلورٹ کی تعمیر و مین ہول کی تنصیب کی خواہش کی۔ جس پر مئیر آکولہ سجاتا نے مختص کئے گئے 10لاکھ روپئے فنڈ سے تعمیر کرنے کی اسسٹنٹ انجینئر عنایت کریم کو ہدایت دی ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین ایم اے جلیل ، ذاکر حسین ، افسر خان ، محمد پرویز ، شوکت محمد خان، محمد شاکر ، اقبال بھائی و دیگر اہلیان محلہ موجود تھے۔