جڑچرلہ /30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلگودیشم پارٹی کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جڑچرلہ میں آج جناب حفیظ الرحمن صدر منڈل ٹی ڈی پی کی صدارت میں تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں سابق رکن اسمبلی مسٹر ایرہ شیکھر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر این ٹی راما راؤ کے مجسمے پر پھول مالا نچھاور کرکے آنجہانی قائد کو خراج عقیدت پیش کی ۔ بعد ازاں پارٹی پرچم لہرایاگیا ۔ تلگودیشم کے مقامی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرہ شیکھر نے کہا کہ 2019 کے عام انتخابات میں تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں برسر اقتدار آجائے گی کیونہ نئی ریاست کے عوام ٹی آر ایس پارٹی سے کافی ناراض ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات میں کسی بھی طرح کے ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں کیا گیا ہے ۔ یہی سبب سے عوام برسر اقتدار پارٹی سے سخت نالاں ہیں ۔ ایرہ شیکھر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں پارٹی قائدین عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے 24 گھنٹے کام کرنے تیار ہے ۔ اس ضمن میں مواضعات سے لیکر منڈل سطح تک کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کے سی آر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آرایس حکومت کو اقتدار سنبھالے 9 ماہ گذر چکے ہیں ۔ لیکن نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے کوئی کام نہیں کیاگیا جبکہ مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات نہیں ہو رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں صرف اعلانات سے کام چلایا جارہا ہے ۔ دوسری جانب ٹی آر ایس حکومت آسرا اسکیم کے تحت مواضعات میں تمام مستحقین کو وظائف کی اجرائی میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ایرہ شیکھر نے الزام عائد کیا کہ ریاستی وزیر سی لکشما ریڈی صحت جڑچرلہ مقامی دواخانہ اور نگر پنچایت میں ترقیاتی کاموں پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ کسانوں کے مسائل کی عدم یکسوئی طلبہ کو اسکالرشپ جاری نہ کرنے پر تلگودیشم پارٹی بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرے گی ۔ اس موقع پر مسرس انجیا ، خواجہ امتیاز ، ایم اے مقیت ،کے سرینواس ، سید الطاف ، نرسمہا ، پنٹیا ، ستیش کے علاوہ دیگر پارٹی کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔