عوامی مسائل کی یکسوئی حکومت کی اولین ترجیح

کریم نگر ۔ 23 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عوام کی خواہش و ضروریات کی تکمیل کے لئے ہی حکومت فیصلے لے رہی ہے ، اسی سوچ و فکر کے نتیجہ کے تحت ہمارا گاؤں ہمارا منصوبہ پروگرام طئے پایا ہے ، ریاستی وزیر آئی ٹی کے تارک راما راؤ نے کریم نگر میں ’’ہماراگاوں‘ہمارا منصوبہ ‘‘اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ زیڈ پی میٹنگ ہال میں پہلی مرتبہ منعقدہ اس اجلاس میں شریک وزیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا گاؤں کس طرح ترقی پانا چاہئے ، عوام کی مرضی خواہش کس طرح کی ہے اسی سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اس کے مطابق بجٹ مختص کیا جائے گا۔ کے سی آر نے موثر عمل آوری کیلئے اسی طرح کے پروگراموں کی منظوری دی ہے ۔ ریاست میں 84 لاکھ خاندان ہیں تو 91 لاکھ سفید راشن کارڈ ہیں یا 2 لاکھ انتودیا کارڈ ہیں نئے راشن کارڈ کے لئے دی گئی لاکھوں درخواستیں ابھی زیرالتواء ہیں ۔ تعمیر امکنہ میں حد سے زیادہ بدعنوانیاں پائی گئی ہیں اس کی ایک مثال ورنگل ضلع پرکال کے قریب ایک موضع ہے وہاں تین ہزار آبادی ہے تو 6ہزار مکانات کی تعمیر دکھلائی جاکر بلس حاصل کرلئے گئے ہیں ۔ درحقیقت وہاں صرف 50 مکانات ہی ہیں ۔ اس طرح کے حالات کو بدلنا ہے ، سیاسی عوامی قائدین اختیارات کا فائدہ نہ اٹھائیں بلکہ ذمہ داری اور جواب دہی کے احساس کے ساتھ کام کریں۔ مجھے عہدہ دیا جائے ، اختیارات دیا جائے ، اس طرح کا حکومت سے مطالبہ کرنے سے قبل آپ حکومت کے لئے کیا خدمات انجام دیں گے یہ سوچ و فکر پیدا کریں، ٹیکس کی وصولی میں تساہلی اختیار نہ کریں۔ تجارت پیشہ افراد کو کوئی رعایت نہیں ہے ، کالج ہو کہ رائیس مل اُن سے ٹیکس وصول کرنے کا انچارج کلکٹر کو حکم دیا ۔ ریت کی منتقلی پر ڈی آر او فیصلے کریں۔ 19 ہزار کروڑ کا بوجھ برداشت کرتے ہوئے کسانوں کے قرض معاف کئے جارہے ہیں ۔ مہاتما گاندھی کے خواب کی تعبیر کے لئے گرام پنچایتوں کو مستحکم اور اختیارات میں اضافہ کے لئے حکومت کام کررہی ہے ۔ ہر گاؤں میں ڈمپنگ یارڈ ، شمشان گھاٹ تعمیر کیا جائیگا ۔ گاوں کی پنچایتوں کو سکریٹریٹ سے جوڑا جائیگا ۔ اس کے لئے عصری سہولتوں کی فراہمی سے ای پنچایتوں کی تشکیل ہوگی ۔ اسی سلسلے میں ضلع کوپائیلٹ پراجکٹ کے لئے منتخب کرلیا گیا ہے ۔ راما گنڈم میں ہی برقی پیداوار مرکز قائم کیا جائیگا ۔ شمالی ریاستوں سے برقی گریڈ سے جوڑے جانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ کو اندھیرا کرنے کیلئے اے پی سی ایم چندرابابو کی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائیگا ۔ سرپنچ سے وزیر تک بھی قائدین کو حیدرآباد میں تربیت دی جارہی ہے ۔ زیڈ پی چیر پرسن تلا اما نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی منتخبہ قائدین ، عہدیداران ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بعد از مشاورت مواضعات میں کیا مسائل ہیں جن کی فوری یکسوئی کی ضرورت ہے اُس کی طرف توجہ دیناچاہئے ، خواتین کو روزگار فراہم ہو اس طرف توجہ دینے کی وزیر موصوف سے خواہش کی ۔ ضلع انچارج کلکٹر سرفراز احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منڈل میں دس اہم مسائل ہیں جن کی فورفی یکسوئی کی ضرورت ہے اس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ضلع میں 137 مواضعات میں ڈمپنگ یارڈ موجود ہیں ، 489 مواضعات میں جگہ کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ 551 مواضعات میں شمشان گھاٹ موجود ہیں ، مزید 369 مواضعات میں جگہ کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ روزگار کی فراہمی کے تحت زیادہ فنڈز خرچ کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ رکن اسمبلی گنگولہ کملاکرنے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ہی سب سے بڑا کریم نگر سنٹرس ہے اس کی ترقی کے لئے زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے ۔ سبھی مواضعات ، دیہی مقامات کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کیلئے 12 کروڑ روپئے مختص کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کا 2001 ء میں جنم اور 2006 ء میں دوبارہ زندگی کی روح ڈالنے والے کریم نگر ضلع کے عوام کا احسان زندگی بھر بھلایا نہیں جاسکے گا ۔ وزیر کے ٹی آر نے کہا ضلع کی ترقی پر کے سی آر کی خصوصی توجہ ہے ۔ کریم نگر میں آئی ٹی کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا جانے کی کوشش جارہی ہے ۔ بات چیت جاری ہے عنقریب ایک آئی ٹی کمپنی میں پانچ سے چھ سو افراد ملازمت کے ساتھ شروع کی جائیگی ۔ اسی طرح تلنگانہ میں دس کمپنیوں کے قیام کا منصوبہ ہے تاکہ یہاں کے بیروزگاروں کو روزگار فراہم ہو ۔ چھوٹے شہروں میں کم کمپنیاں صنعتوں کے ہونے کی وجہ سے بہت سے افراد دلچسپی نہیں لئے اسی لئے کریم نگر میں اگلے پانچ سال میں بہت سی تعداد میں آئی ٹی کمپنیوں کے قیام کیلئے کوشش کرنے کا تیقن دیا ۔