بھینسہ /8 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ میونسپل کے پہلے ماہانہ اجلاس کا صبح 11.30 بجے انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں بھینسہ میونسپل کے 23 وارڈس کے اراکین بلدیہ ، میونسپل کمشنر اور میونسپل اسٹاف شامل تھے ۔ بھینسہ میونسپل چیرمین کی قیادت میں اراکین بلدیہ سے مخاطب کرتے ہوئے بھینسہ میونسپل نائب چیرمین محمد جابر احمد نے کہا کہ تمام 23 وارڈس کے اراکین بلدیہ ایک فیملی کی مانند ہیں اور ہم لوگ سیاسی پارٹیوں کو دور رکھتے ہوئے متحد ہوکر اپنے اپنے وارڈس کے مسائل کو حل کرے ۔ کیونکہ عوام اپنے مسائل وارڈ کے کونسلر کے سامنے رکھتے ہیں ۔ جس کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ بھینسہ میونسپل نائب چیرمین نے اپنے پچھلے دس سالہ اقتدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی شہر کے مسلمانوں اور ہندوں میں کوئی فرق نہیں کیا ۔ شہر کے تمام لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر وقت مکمل تعاون کرتا رہا اور شہر کے 23 وارڈس میں کئی ترقیاتی کاموں کو انجام تک پہونچایا ۔ بھینسہ نائب چیرمین نے کہا کہ اس وقت برقی بل کا میونسپل کے اوپر بھاری رقم کا بقیہ ہے ۔ جس سے شہر کی اسٹریٹ لائیٹ رات کے اوقات میں بند رکھے جارہے ہیں ۔ سب سے پہلے برقی بل کے مسئلہ کو حل کرنا ہے ۔ رمضان کے پیش نظر مسلم محلوں میں برقی لائیٹ کا انتظام کرنا ضروری ہے اور آئندہ ماہ شہر کے تمام علاقوں میں برقی کوبحال کردیا جائے گا اور کہا کہ آئندہ ماہ گنیش تہوار کے پیش نظر تمام اراکین بلدیہ سے مشورہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری میں تمام تر انتظامات مکمل کرنے کے خواہشمند ہے ۔ بڑا بازار سے ڈیم تک جرنریٹر کا انتظام کرتے ہوئے تمام سہولیات فراہم کی جائے گی اور سی سی روڈ کا بھی ذکر کیا جو بڑا بازار سے ڈیم تک ڈالی جانی ہے ۔ اس کا کام بھی بہت جلد مکمل کیا جائے گا ۔ نائب چیرمین نے کہا کہ منی اسٹیڈیم کیلئے 25 لاکھ روپئے منظور ہوکر فنڈ رکھا ہوا ہے ۔ لیکن جگہ نہ ہونے کی وجہ سے منی اسٹیڈیم تیار نہیں ہوا ہے ۔ میونسپل جگہ کا سروے کرتے ہوئے منی اسٹیڈیم تیار کیا جائے گا ۔ اسی طرح ای سیوا کامپلکس جو میونسپل کی جائیداد ہے ۔ اس کی حفاظت بھی ضروری ہے ۔ جس سے لاکھوں روپئے کا میونسپل کو فائدہ حاصل ہوگا وار جہاں جہاں میونسپل کی جگہ ہے صحیح سروے کرتے ہوئے میونسپل کو فائدہ پہونچایا جاسکتاہے ۔ جس سے میونسپل کی آمدنی میں بھاری اضافہ ہوگا ۔ میونسپل اور میونسپل کی تمام جائیداد کے ہم لوگ محافظ ہیں ۔ جہاں تک ہوسکے میونسپل جائیدادوں کی حفاطت کرتے ہوئے میونسپل کو فائدہ پہونچائے اور نئے وظیفوں اور راشن کارڈس اسکیم کے تحت بھینسہ کے 23 وارڈس کے عوام کو مکمل فائدہ پہونچایا جائے گا ۔ بعد ازاں تمام اراکین بلدیہ نے چیرمین اور نائب چیرمین کی گلپوشی کی ۔