عوامی فلاحی کام جاری رکھنے کا تیقن

آرمور میں عید ملاپ تقریب سے سابق اسپیکر سریش ریڈی کا خطاب
آرمور /3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے عید ملاپ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق اسپیکر اسمبلی سریش ریڈی اور ضلع صدر کانگریس طاہر بن حمدان نے شرکت کی۔ تفصیلات کے بموجب آرمور سعید آباد شادی خانہ میں کانگریس ضلع صدر مائناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر احمد کی نگرانی میں عید ملاپ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر سریش ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عید ملاپ پروگرام رکھ کر ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہونا ایک بہترین عمل ہے۔ انھوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اقتدار میں نہیں ہوں، پھر بھی مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، میں آپ کے ساتھ رہتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں ساتھ دوں گا۔ اس موقع پر طاہر بن حمدان نے کہا کہ ہم تمام کو ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہونا چاہئے۔ اس موقع پر تلگو مقرر محمد علی، سمیر احمد، عثمان حضرمی اور کونسلر محمود علی نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر تلگو مقرر محمد علی نے سریش ریڈی کو قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا۔ بعد ازاں تمام حاضرین نے شیر خرما نوش کیا۔ اس عید ملاپ پروگرام میں محمد حبیب الدین، مرکزی کمیٹی صدر آرمور محمد فصیح الدین، کونسلرس محمود علی، ایس ونود کے علاوہ کانگریس قائدین سنیل، سید عتیق، محمد شاہد، نوید اور دیگر بھی موجود تھے۔