عوامی خدمات کو جاری رکھنے کا عزم

عادل آباد کے نومنتخبہ ٹی آر ایس نائب صدر سراج قادری کا خطاب
عادل آباد /19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب سراج قادری کو ٹی آر ایس کا ضلع عادل آباد نائب صدر منتخب کرنے پر موصوف نے ریاستی وزیر جوگورامنا، اے اندرا کرن ریڈی اور پارٹی صدر ضلع لوکا بھوما ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پارٹی کے پرچم تلے عوامی خدمات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ واضح رہے کہ موصوف ریاستی وزیر جوگو رامنا کے بااعتماد رفیق سمجھے جاتے ہیں۔ زائد از 25 سالہ سیاسی خدمات سے وابستہ سراج قادری قبل ازیں ایک چھوٹی جماعت سے وابستہ تھے، جہاں انھیں پارٹی ضلع صدر ہونے کا اعزاز حاصل تھا، تاہم پارٹی کی تنگ نظری کی بناء پر موصوف نے اپنی 20 سالہ خدمات سے دست بردار ہوکر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ موصوف بحیثیت عادل آباد بلدیہ کونسلر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تمام طبقات میں یکساں مقبولیت رکھنے والے سراج قادری 30 سال قبل روزنامہ سیاست سے بھی وابستہ تھے۔ موصوف عوامی مسائل کی یکسوئی کی خاطر اپنی اہم مصروفیات ترک کردیتے ہیں۔ حسن سلوک، خوش مزاجی اور ملنساری کی وجہ سے ہر فرد انھیں احترام کی نظر سے دیکھتا ہے۔ جناب سراج قادری کو ضلع کمیٹی میں نائب صدر کے عہدہ پر فائز کرنے پر پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین مسرز سید ساجد الدین، کونسلر ظہیر فاروقی، مائناریٹی قائدین محمد ظہور الدین، مجاہد شاہ، عروج خان، مسعود پٹیل، اطہر اور دیگر نے خوشی کا اظہار کیا۔