عوامی جان و مال کے نقصان پر چیف منسٹر کا شدید اظہار رنج و غم

بارش کی صورتحال کا جائزہ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور دیگر عہدیداروں کو احکامات، فی کس2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد۔/31اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں تیز بارش سے عوامی جان و مال کے نقصان پر صدمہ کا اظہار کیا اور ہلاک ہونے والے افراد کے ارکان خاندان کو فی کس 2لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ 24گھنٹے مزید بارش کی پیش قیاسی پر عوام کو بالخصوص نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر، میئر اور کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں شہر کے مختلف مقامات دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر مصیبت کا شکار عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے صبح کی اولین ساعتوں سے ہونے والی بارش کا چیف سکریٹری کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے بارش کی صورتحال اور عوامی زندگی درہم برہم ہوجانے کا جائزہ لیا۔ کمشنر بلدیہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر جناردھن ریڈی سے وصول ہونے والی رپورٹس سے چیف سکریٹری راجیو شرما نے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو جی ایچ ایم سی سے تال میل کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی میں مکمل تعاون  کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ بارش کی شکایتوں کا جائزہ لینے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ہیڈ آفس پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور میئر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن کنٹرول روم میں بیٹھ کر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

چیف منسٹر نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ٹریفک مسائل کو دور کرنے کیلئے خصوصی دلچسپی لینے کا کمشنر سٹی پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی  جن علاقوں میں برقی مسدود ہوگئی اسے دوبارہ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرینج کے مین ہول کے قریب خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کا بھی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ نشیبی علاقوں اور بستیوں میں گھروں میں داخل ہونے والے پانی کی نکاسی کرنے اور عوام کو راحت دینے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیا۔ جن علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے وہاں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرتے ہوئے انہیں تمام بنیادی سہولتوں اور کھانے پینے کے انتظامات کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ شہر اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں سے پانی بہہ کر حسین ساگر میں تیزی سے جمع ہوجانے سے حسین ساگر لبریز ہوجانے اور پانی کی سطح خطرہ سے اوپر چلنے سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے حسین ساگر سے پانی چھوڑنے سے قبل نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکنا کردینے اور جہاں پانی جمع ہوجانے کے خدشات ہیں ان علاقوں کے عوام کو بھی دوسری جگہ منتقل کردینے کی ہدایت دی۔ شہر میں زوردار بارش سے دو مقامات رامنتا پور میں 4اور مشیرآباد میں تین افراد بشمول بچے 7افراد کے ہلاک ہوجانے پر چیف منسٹر کے سی آر نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔