عوام، تلنگانہ کی گھریلوجماعت کے ساتھ

سوریا پیٹ میں انتخابی جلسہ سے محمد محمود علی اور دیگر کا خطاب
سوریا پیٹ۔/14 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کے سی آر حکومت نے تمام طبقات کے ساتھ مساویانہ سلوک کیا۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت نے وہ کردکھایا جو سابقہ حکومتوں نے اپنی پچاس سالہ حکمرانی میں نہیں کرسکیں۔ اس کا نتیجہ ہے کہ عوام بالخصوص مسلمان گھریلو جماعت تلنگانہ کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کل شام سوریا پیٹ سومنگلی فنکشن ہال میں اقلیتوں کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپوزیشن کانگریس جماعت اور اس کے انتخابی منشور پر نکتہ چینی کی۔ سوریا پیٹ کی ترقی کو دیکھ کر حلقہ اسمبلی ٹی آر ایس امیدوار جگدیش ریڈی کوووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی خواہش کی۔ چیرمین تلنگانہ کھادی بورڈ مولانا یوسف زاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا۔ انہوں نے مسلمانوں سے بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے گئے فلاحی اقدامات کو دیکھ کر ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ سابق وزیر و ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی امیدوار مسٹر جگدیش ریڈی نے کہا کہ انہیں ریاست کی سیاست سے زیادہ حلقہ کی ترقی عزیز ہے اور حلقہ کی عوام اپنے خاندان کی طرح ہے۔ جلسہ کو بلدیہ چیرپرسن جی پاوالیکا، وائی وینکٹیشورلو، مولانا شاہد مظاہری، سید ریاض کے علاوہ ممتاز تاجر قائد ٹی آر ایس پرکاش، گرندھالیم ضلع چیرمین سرینواس گوڑ نے بھی خطاب کیا۔