عنقریب لالو ، نتیش کی سپریم کورٹ بن جائیں گے

مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو کا بیان، نتیش کمار کا الزام مسترد
نئی دہلی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نتیش کمار پر جوابی وار کرتے ہوئے جنھوں نے آر ایس ایس کو بی جے پی کی سپریم کورٹ قرار دیا ہے، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ مودی حکومت کی رہنمائی یا اُس پر حکم کوئی نہیں چلا سکتا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ جلد ہی جے ڈی (یو) قائد، لالو پرساد کی ہدایات پر عمل کرتے نظر آئیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ  لالو نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ اُن کے بچے وزیر بنیں گے حالانکہ ابھی حکومت بھی تشکیل نہیں پائی ہے۔ کابینہ کی تشکیل چیف منسٹر کا اختیار تمیزی ہے۔ جہاں تک حکومت ہند کا سوال ہے یہ پوری طرح واضح کیا جاچکا ہے کہ حکومت بی جے پی کے اور این ڈی اے کے ایجنڈہ پر عمل کرے گی جو بھی تجاویز پیش کی جائیں گی اگر وہ اچھی ہوں تو واجبی تجاویز کو قبول کیا جائے گا۔ ہم پر کسی کا بھی حکم نہیں چلتا اور نہ کوئی ہمارا رہنمائی کرتا ہے۔ وہ ایک تقریب کے موقع پر علیحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے آر ایس ایس کے بی جے پی پر حکم چلانے یا بی جے پی کے مخالف تحفظات ہونے کے نتیش کمار کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ آر ایس ایس نے بعض نظریات پیش کئے ہیں، اگر یہ آپ کو پسند ہوں تو انھیں قبول کیا جاسکتا ہے اور پسند نہ ہوں تو قبول کرنے سے انکار کیا جاسکتا ہے۔ آر ایس ایس کا دفاع کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ہمیں ان لوگوں سے کسی سرٹیفکٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آر ایس ایس کا مطلب ہے بے غرض خدمت کے لئے آمادگی۔ آپ اُن کے بعض نظریات سے اتفاق بھی کرسکتے ہیں اور اختلاف بھی۔ تاہم اپنی بنیادی خصوصیت کے اعتبار سے یہ تنظیم ملک سے محبت کرنے والی تنظیم ہے۔ یہ ملک کے نوجوانوں میں حب الوطنی پیدا کرتی ہے، کسی کو بھی اِس پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ دین دیال اپادھیائے کی برسی کے موقع پر جو نہرو میوزیم میں منعقد کی گئی تھی، کانگریس کے الزامات کہ بی جے پی نے اُس کے قائدین کا اغواء کرلیا ہے، تردید کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہاکہ اُن کے قائدین کون ہیں یا ہمارے قائدین کون ہیں؟ یہ لوگ تو ملک کے قائدین تھے۔ اُنھوں نے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔