عنبرپیٹ کے عادی مجرم کے خلاف پی ڈی ایکٹ، مجرم جیل منتقل

حیدرآباد ۔ /6 مئی (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے بدنام زمانہ عادی مجرم مرزا اعظم بیگ کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ اعظم بیگ ساکن پریم نگر عنبرپیٹ جبراً وصولی اور توجہ ہٹاکر رقم لوٹنے کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ حیدرآباد کے علاوہ اس نے سائبر آباد علاقے میں بھی وارداتیں انجام دیں ۔ پولیس نے بتایا کہ اعظم بیگ کی غیرقانونی سرگرمیوں کے نتیجہ میں مقامی عوام کے ذہنوں میں دہشت پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجہ میں اسے پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھیجا جارہا ہے ۔ پولیس نے آج اعظم بیگ کو محبوب نگر چوراہے پر اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ایک مسروقہ آٹو میں وہاں سے جارہا تھا ۔