عملیات اور بندش کے نام پرعوام کو دھوکہ

باورچی عامل ظاہر کرتے ہوئے زیورات سرقہ کرنے پر گرفتار
حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) مشکلات کو آسان کرنے کا جھانسہ دے کر زیورات کا سرقہ کرنے والے ایک شخص کو ویسٹ زون پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پریشان حال عوام کو عملیات اور بندش کے نام پر 30سالہ محبوب پاشاہ مبینہ طور پر دھوکہ دے رہا تھا۔ حبیب نگر پولیس نے اس کے قبضہ سے 570گرام سونا جس کی مالیت 11 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا۔ پیشہ سے باورچی محبوب پاشاہ فاطمہ نگر بورا بنڈہ علاقہ میں رہتا تھا اور مرشد کے چولے میں عملیات کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔ تقریباً دو سال کے بعد ایک شہری سید سلیم نے 5نومبر کو ایک اور شخص عبدالحمید نامی شخص نے بھی شکایت درج کروائی کہ بندش کے نام پر ان کا سونا لوٹ لیا گیا۔ یہ لوگ مالی اور گھریلو مسائل کے سبب محبوب پاشاہ سے درگاہ یوسفین کے احاطہ میں ملے تھے۔اس نے اپنی باتوں کا شکار بنایا اور ساری مشکلات کو دور کرنے کیلئے اپنی مکان میں موجود طلائی زیورات کی بندش کرنے پر زور دیا۔ اور جیسے ہی یہ لوگ طلائی زیورات لائے اس نے اپنی باتوں میں اُلجھا کر زیورات کو لوٹ لیا۔ اس طرح محبوب پاشاہ نے رحمت نگر کے ساکن جو آپس میں رشتہ دار ہیں احمد اور نظام الدین کو مبینہ طور پر ٹھگ لیا اور وہ اس طرح کی تین وارداتوں میں ملوث ہے۔ اس نے 2002 میں حیدرآباد کا رُخ کیا تھا اور سال 2007میں شادی کیا، اس کی تین لڑکیاں ہیں۔ معاشی طور پر پریشان ہوکر محبوب پاشاہ نے توجہ ہٹار کر سرقہ شروع کردیا تھا۔