عمر گل کی سری لنکا ٹسٹ سیریز میں شرکت غیر یقینی

کراچی۔8 جولائی(سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اور سری لنکا کی ٹسٹ سیریز میں اب ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کے آپریشن کے بعد مکمل فٹ نہیںہوئے ہیں اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں ان کی شرکت کا امکان نہیں ہے تاہم ونڈے سیریز سے قبل ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائیگا ۔ سلیکٹر ان کی بولنگ فارم دیکھ کر ونڈے ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔تین دن قبل لارڈس میچ میں عمر گل دو اوورس کرسکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد سے بولنگ نہیں کی تھی اس لئے ردھم میں نہیں تھا۔لاہور میں سمر کیمپ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر نے انہیں گھٹنے کو مضبوط بنانے کے لئے ایکسر سائز بتائے تھے۔عمر گل کے بموجب گھٹنے میں کوئی تکلیف نہیں ہے لیکن میں بولنگ فارم میں نہیں تھا۔اس لئے منتظمین کو بتادیا تھا کہ میں لمبا اسپیل نہیں کرسکتا۔اس لئے لارڈس میں دو اوورس ہلکی رفتار سے ڈالنے کے بعد باہر آگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جلد رننگ اور بولنگ شروع کررہا ہوں تاکہ سری لنکا کی سیریز کے لئے تیاری کرسکوں۔30سالہ عمر گل آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھی فارم میں نہیں تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کوچ وقار یونس لاہور کے کیمپ میں ان کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لینے چاہتے ہیں۔