کراچی ۔ 25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی تکلیف کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ یہ اشارے مل رہے ہیں کہ اسٹار فاسٹ بولر کا کیریئر گھٹنے کے آپریشن کے بعد شدید خطرات سے دوچار ہیتاہم پی سی بی کے حکام پر امید ہیں کہ جنید خان اور صہیب مقصود ورلڈ کپ کے لئے فٹ ہوجائیں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نیکہا ہے کہ عمر گل کی رپورٹس حوصلہ افزا نہیں، ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ دریں اثناء جنید خان نے کہا ہے کہ وہ 90 فیصد فٹ ہوچکے ہیں۔ جبکہ صہیب مقصود بھی فٹ ہورہے ہیں۔ دونوں کی فٹنس کا جائزہ لینے کے لئے انہیں ملتان کے ونڈے ٹورنمنٹ میں کھلایا جائے گا۔30 سالہ عمر گل نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ان فٹ ہوئے تھے۔ وہ 47ٹسٹ، 125ونڈے اور 57 ٹوئنٹی20 کھیل چکے ہیں۔ رواں سال آسٹریلیا میں گھٹنے کے آپریشن کے بعد انہیں مکمل فٹ ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عمر گل اپنی لائن اور لینتھ اور سوئنگ بولنگ کی وجہ سے محدود اوورس کی کرکٹ میں خطرناک بولر تصور کئے جاتے ہیں۔