کراچی۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹر عمراکمل پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہو گئے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق انہیں 27 جون کو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم عدم دستیابی کی درخواست کے پیش نظر وہ پہلے ہی پیش ہو گئے جہاں انسداد بدعنوانی یونٹ کے نمائندوں نے ان کا تفصیلی انٹرویو لیا۔ واضح رہے کہ عمر اکمل نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ سٹہ بازوں نے کئی مرتبہ ان سے رابطہ کیا اور لاکھوں ڈالرز کی پیشکش بھی کی جس کی معلومات وہ پی سی بی کو فراہم کرتے رہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق عمر اکمل کے جواب کے بعد اب یہ معاملہ اینٹی کرپشن یونٹ کے زیر غور ہے اور جلد اس حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔یار رہے کہ گزشتہ روز عمراکمل نے ورلڈ کپ 2015 میں ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے مقابلے کے دوران 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض2 لاکھ ڈالرس کی پیش کش کا انکشاف کیا تھا ۔
شاردین اور گرنیٹ پر جرمانہ
ماسکو۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) سوئٹزرلینڈ فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں شاردین شاقیری اور گرنیٹ ڑاکا پر فیفا نے جرمانہ عائد کردیا۔ سربیا کے خلاف پہلا اور دوسرا گول کرنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ باندھ کر مخصوص انداز میں خوشی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد فیفا کی انضباطی کمیٹی نے کارروائی کر تے ہوئے جواب طلبی کے بعد شاردین شاقیری اور گرنیٹ ڑاکا پر 19ہزار پائونڈز جرمانہ عائد کردیا ہے۔