عمرہ کروانے کے بہانے 5 کروڑ روپئے کا دھوکہ

حیدرآباد ۔ /3 جولائی (سیاست نیوز) عمرہ اور مقدس مقامات کی زیارت کے بہانے کروڑوں روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث ٹراویل ایجنسی کے جنرل منیجر کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے بموجب دبیر پورہ نورخاں بازار میں واقع کاروان سید الساجدین عمرہ اینڈ زیارت ٹورس کے نام پر ایک ٹراویل ایجنسی چلائی جارہی تھی ۔ اس ایجنسی کے مالک الطاف حسین نے آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ میں اس کا دفتر قائم کیا تھا بعد ازاں پرانے شہر میں بھی اس ٹورس اینڈ ٹراویلس کا برانچ کھولا گیا تھا ۔ الطاف حسین نے مرزا اسد اللہ بیگ عرف تقی کو اس برانچ کا منیجر بنایا تھا جس نے عوام کو عمرہ اور زیارتوں کیلئے راغب کرتے ہوئے ان سے کروڑہا روپئے کے رقومات حاصل کئے اور عمرہ بھیجنے سے قاصر رہے ۔ پولیس نے بتایا کہ کم دام میں عمرہ اور زیارتوں کو بھیجنے کے دعوے کے نتیجے میں تقریباً 1600 زائرین نے انہیں رقومات حوالے کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ الطاف حسین اور اسد اللہ بیگ نے 5 کروڑ سے زیادہ یہ رقم حاصل کی اور عوام کو دھوکہ دیا ۔ انسپکٹر سی سی ایس کے سرینواس نے بتایا کہ اس دھوکہ دہی ریاکٹ میں ملوث کلیدی ملزم الطاف حسین کو سابق میں کڑپہ پولیس نے گرفتار کیا ہے اور ہنوز جیل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد سی سی ایس پولیس الطاف حسین کو اس معاملے میں پی ٹی وارنٹ پر شہر منتقل کرے گی ۔