نئی دہلی۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں کشمیر عمرعبداللہ نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور سیلاب زدہ ریاست جموں کشمیر کیلئے مرکز سے خصوصی بازآبادکاری پیاکیج کی خواہش کی۔ مرکز کی جانب سے کھلے دل سے کی گئی امداد کی ستائش کرتے ہوئے عمرعبداللہ نے وزیراعظم سے کہا کہ سیلاب زدہ ریاست میں راحت کاری کاموں کی انجام دہی کیلئے خصوصی پیاکیج کی ضرورت ہے۔ سیلاب متاثرین کو بچانے مرکز کی بروقت امداد پر وزیراعظم سے اظہارتشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام مرکز سے امداد کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس سنگین بحران کے وقت میں مرکز ہی انہیں راحت فراہم کرسکتا ہے۔