عمراکمل کیخلاف مقدمہ کاچالان عدالت میں داخل

لاہور۔5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے کرکٹرعمراکمل کے خلاف مقدمہ کاچالان عدالت میں داخل کرادیا۔ پولیس کے مطابق چالان میں عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کا باقاعدہ ذمہ دار قراردیا گیا ہے ۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے بموجب عمر اکمل پر مقدمہ کا چالان کل عدالت میں جمع کراگیا تھا۔ عمراکمل پر ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد کارسرکاری امور میں مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ فردوس مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں عمر اکمل نے سگنل توڑا اور وارڈن کے روکنے کے باوجود گاڑی نہ روکی۔ پولیس نے کہا ہے کہ عمر اکمل نے وارڈن کے ساتھ بدتمیزی کی اوراسے دھمکیاں بھی دیں جبکہ عمر اکمل کا موقف ہے کہ انہوں نے وارڈن سے کہا کہ انہیں جلدی ہے، ایک تقریب میں جانا ہے لیکن اس نے بد تمیزی کی اور مجھ پر تشدد کیا، جس سے چہرے پر زخم بھی آیا۔عینی شاہدین کے مطابق کرکٹر عمر اکمل اور ٹریفک وارڈن میں جھگڑا گاڑی کے کاغذات طلب کر نے پر ہوا تھا۔