عمران طاہر 7 کاؤنٹیز کھیلنے والے پہلے کھلاڑی

جوہانسبرگ۔30 جون (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عمران طاہر 7کاؤنٹیز کی نمائندگی کرنیوالے پہلے کرکٹر بن گئے اور وہ اگلے ہفتے انگلش کاؤنٹی درہم کی طرف سے ایکشن میں نظر آئیں یہ ان کی 7ویں کاؤنٹی ٹیم ہوگی جس کیساتھ انہوں نے معاہدہ کیاہے۔ عمران طاہر اس سے قبل چینائی سوپر کنگز کے علاوہ نوٹنگھم شائر ،ہمپشائر ،واروکشائر ،یارک شائر اور مڈل سیکس کی نمائندگی کرچکے ہیں۔آئندہ ہفتے لیگ اسپنر درہم کی جانب سے ٹی20 ٹورنمنٹ میں شرکت کریں گے۔انہیں انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی جگہ طلب کیاگیاہے جنہیں انگلینڈ نے ہندوستان کیخلاف سیریز کیلئے میزبان ٹیم میں شامل کرلیاہے۔عمران طاہر ٹی ٹونٹی ایونٹ کے 14میچز میں سے 9میں درہم کو دستیاب ہونگے کیونکہ اس کے بعد انہوں نے کیریبین لیگ میں اپنی 8 ویں ٹیم گیانا امیزون واریئرز کی نمائندگی کرنی ہے۔ عمران طاہر نے کہاہیکہ میں نے انگلینڈ میں کھیل کا ہمیشہ لطف اٹھایا اور امیدہے کہ اپنے انٹرنیشنل اور کاؤنٹی تجربے کی بدولت درہم کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے سکوں گا۔درہم کے ہیڈکوچ جون لیوئیس نے کہاہے کہ ہم نے بہترین اور عالمی معیار کے اسپنر کا انتخاب کیاہے جوپہلے ہی ٹی20 ایونٹس میں اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں۔یادرہے کہ عمران طاہر کو آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرنے کا اعزاز بھی ہے۔