عمران طاہر اور ہربھجن کے مظاہرے ٹیم کیلئے کلید :دھونی

چینائی۔10اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمئرلیگ(آئی پی ایل )کے 12ویں ایڈیشن میں بھی اپنے دبدبے کو برقراررکھتے ہوئے چینائی سوپر کنگس نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کو شکست دینے کے بعدکپتان مہیندرسنگھ دھونی نے کہا کہ اس میدان پر بیٹنگکرنا مشکل تھا لیکن ہم مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہے ۔مقابلہ کو سات وکٹ سے جیتنے کے بعد دھونی نے کہا، ڈیرن براووکے ٹیم میں نہ ہونے سے ٹیم کے توازن میں تھوڑی مشکل پیداہوجاتی ہے کیونکہ وہ بہترین آل راؤنڈر ہیں اور ڈیوڈ بھی ٹیم میں نہیں ہیں ۔اس لئے یہ تھوڑا مشکل ہے ۔ دھونی نے کم اسکور والا مقابلہ ہونے کے بارے میں کہا مجھے نہیں لگتا کہ ہم ایسی سست پچ پرکھیلنا پسند کریں گے ۔ایسی پچ پر کم اسکور والے مقابلے ہوتے ہیں ۔ سست پچ پر ہمارے بیٹسمینوں کو بھی پریشانی ہوتی ہے ۔یہاں پہلے بیٹنگ کرنا تھوڑا مشکل لیکن شبنم گرنے کے بعد یہ بیٹنگ کے لئے آسان ہوجاتی ہے ۔ انھوں نے کہا، ہربھجن سنگھ اور عمران طاہر کے تجربہ کا ٹیم کو کافی فائدہ ملتاہے ۔ ہربھجن نے جتنے بھی میچ کھیلے ہیں سبھی میں اچھی کارکردگی پیش کی ہے ۔عمران کو جب بھی بولنگ سونپی گئی انھوں نے اتنی مرتبہ اچھی کارکردگی پیش کی ہے ۔ دھونی نے کہاکل ملاکر ہماری بولنگ شعبہ مضبوط ہے لیکن جیسے ہی ہم اسپاٹ اور تیز رفتار والی پچوں پر کھیلیں گے جہاں چھوٹی باؤنڈریز ہونگی تب ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کون سے آخری گیارہ کھلاڑی ٹیم کے توازن کے لیے صحیح رہیں گے ۔ کولکتہ کے خلاف چینائی کے گھریلومیدان پرکھیلے گئے مقابلہ میں میزبان نے ٹاس جیٹ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا۔کولکاتہ صرف 108رن بناسکی تھی ۔ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ رن آندرے رسل نے 44گیندوں میں 50 رنز بنائے ۔ چینائی کی طرف سے دیپک چاہر نے 20رن دیکر تین وکٹ لئے جس کے لیے انھیں مین آف دی میچ قراردیاگیا۔ یاد رہے کہ چینائی سوپر کنگس میں موجود کھلاڑیوں کی اکثریت کی عمریں 30 سال سے زائد ہیں اور سیزن کے آغاز پر یہ کہا جارہا تھا کہ معمر کھلاڑیوں پر موجود اس ٹیم کو مسابقتی مقابلہ پیش کرنے میں مشکل پیش آئے گی لیکن اب جبکہ آئی پی ایل کا تقریباً نصف مرحلہ مکمل ہونے کو ہے لیکن چینائی کی ٹیم ٹورنمنٹ کی صف بندی میں پہلے مقام پر فائز ہے۔

کھلاڑی پر پابندی نہیں لگنی چاہئے :سہواگ
نئی دہلی۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سابق اوپنر ویریندر سہواگ کا ماننا ہے کہ کسی لیگ کے مقابلے کوئی نئی لیگ آجاتی ہے تو کھلاڑیوں پر پابندی نہیں لگنی چاہئے ۔ سہواگ نے یہاں نئی لیگ انڈو انٹرنیشنل پریمیرکبڈی لیگ (آئی آئی پی کے ایل)لانچ کئے جانے کے موقع پر یہ بات کہی۔ آئی آئی پی کے ایل نئی کبڈی لیگ ہے جبکہ انڈین امیچورکبڈی فیڈریشن سے تسلیم شدہ پروکبڈی لیگ پہلے سے ہی چل رہی ہے جس کا ساتواں سیزن جولائی میں شروع ہوگا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہندوستانی امیچورکبڈی فیڈریشن نئی لیگ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر پابندی لگاسکتی ہے جیسا ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے باغی انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل) میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر پابندی لگاکرکیا تھا، سہواگ نے بڑے واضح لفظوں میں کہا کہ کھلاڑیوں پر پابندی قطعی نہیں لگنی چاہئے کیونکہ وہ اپنی کمائی کھیل سے ہی کرتے ہیں۔ ویسے بھی بی سی سی آئی نے آئی سی ایل میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر سے بعد میں پابندی ہٹالی تھی۔