عمران خان کے خلاف پاکستان الیکشن کمیشن کا وارنٹ

اسلام آباد 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) توہین عدالت کیس میں آج پاکستانی الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما اور معروف سیاست دان عمران خان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا۔کمیشن نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کرتے ہوئے کرکٹر سے سیاستداں بننے والے پی ٹی آئی لیڈر کو یہ حکم بھی دیا ہے کہ وہ اپنی ضمانت کروائیں اور ساتھ ہی اس ماہ کی 25 تاریخ کو کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔اس انتہائی اقدام کی وجہ عمران خان کی طرف سے اسی سال ملکی الیکشن کمیشن کے بارے میں دیا جانے والا ایک متنازعہ بیان ہے جس میں انہوں نے مبینہ طور پر الیکشن کمیشن کو ‘جانبدار’ قرار دیا تھا۔ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی عرضی دائر کی تھی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے ، جو خود بھی ایک معروف سیاستدان ہیں جہاں یہ بیان دیا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں، جب کہیں گے عمران خان کمیشن میں حاضر ہوں گے ، وہیں عمران خان کے حوالے سے آن لائن میڈیا نے یہ خبربھی دی ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اس کمیشن کو یہ اختیار ہی حاصل نہیں کہ وہ انہیں کسی مبینہ توہین کے لیے جواب دہ بنائے کیونکہ یہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن نے بہر حال 10 اگست کو ہی یہ واضح کردیا تھا کہ اسے توہین عدالت کے کیس کی سماعت کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے ۔عمران خان بیرون ملک گئے ہوئے تھے اور وہ آج ہی وطن واپس پہنچے ہیں ۔ پاکستان میں آئندہ سال ہی عام انتخابات ہونیوالے ہیں اور عمران خان ، جو ماضی میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں اور جن کی جماعت کے کئی ارکان اس وقت قومی اسمبلی کے رکن بھی ہیں، اگلی پارلیمانی مدت کے دوران سربراہ حکومت کے عہدے کے لیے ایک مضبوط امیدوار سمجھے جاتے ہیں۔