عمران خان کی گول میز کانفرنس میں شرکت کیلئے سخت شرط

لاہور ۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے طلب گئی گول میز کانفرنس میں شرکت نجم سیٹھی کی برطرفی سے مشروط کردی ہے۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے  ٹیم کی ناقص کارکردگی اور درپیش مسائل کے حل کیلئے سابق کرکٹرز اور ماہرین کی مدد طلب کرتے ہوئے چھ اور سات مارچ کو لاہور میں گول میز کانفرنس طلب کر لی ہے۔ان کھلاڑیوں میں عظیم کپتان عمران خان، جاوید میانداد، ظہیر عباس، وسیم باری، وقار یونس، وسیم اکرم، شعیب اختر، عامر سہیل، راشد لطیف، رمیز راجہ، معین خان، عبدالقادر، انضمام الحق، اقبال قاسم، بازید خان، عاقب جاوید، سعید اجمل اور دیگر شامل ہیں جو دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی میں ابتری اور بتدریج زوال کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔اس تقریب میں نجم سیٹھی سمیت پی سی بی کی گورننگ باڈی کے تمام اراکین بھی شرکت کریں گے۔تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس اجلاس میں شرکت نجم سیٹھی کو بورڈ سے برطرف کرنے سے مشروط کردی ہے۔ یاد رہے کہ نجم سیٹھی کو 2013 کے عام انتخابات سے قبل پنجاب کا نگراں چیف منسٹر مقرر کیا گیا تھا اور انتخابات کے بعد عمران خان نے ان پر 35 پنکچر لگانے کا الزام عائد کیا تھا۔ ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے نجم سیٹھی کا نام لئے بغیر کہا کہ شہریار خان انہیں مدعو کرنے  سے قبل الیکشن فکسر اور سفارشی شخص کو بورڈ سے باہر اور کرکٹ ماہرین کو بورڈ میں شامل کریں۔