عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات

ولیعہد محمد بن سلمان سے بھی بات چیت ، وزیراعظم پاکستان کا دورۂ سعودی عرب مکمل

اسلام آباد۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کادورہ سعودی عرب مکمل ہوگیا ۔وہ جدہ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو وزیراطلاعات عواد صالح اورمیئر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد بن عبدالعزیز نے الوداع کیا۔ایک بیان میںسعودی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے سے رخصت کیا گیا۔عواد صالح کے مطابق عمران خان کا دورہ عالمی سطح پر سعودی قیادت کی مستحکم پوزیشن کو اُجاگر کرتا ہے۔ان کا کہناتھاکہ پاکستانی وزیراعظم نے سعودی عرب سے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز کیا جو سعودی عرب کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔عمران خان نے اپنے دورے کے دوران سعودی فرمانرواں شاہ سلمان ،ولی عہد محمد بن سلمان سمیت کئی وزرا ء سے ملاقاتیں کیں۔ دورے میںپاکستانی وزیر اعظم نے عمرے کی ادائیگی کے ساتھ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی حاضری دی۔ وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے اور پہلے روز مدینہ منورہ میں گزارا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر باہمی دلچسپی کے اُمور اور دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا۔دونوں قائدین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں شاہی محل پہنچنے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا، محل میں پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔