عمران خان کا ہند۔پاک بات چیت کا احیاء کرنے مودی کو مکتوب

اسلام آباد20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہندو پاک کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لئے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو مکتوب تحریر کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ وزیر اعظم نے مودی کو مثبت طور پر جواب دیا جس میں ان کے جذبات سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے پر مودی نے مبارکباد نامہ بھیجا تھا۔ڈاکٹر فیصل نے بہر حال یہ نہیں بتا یا کہ آیا یہ رابطہ بذریعہ مکتوب ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ’’آئیے ہم بات چیت کے ذریعہ سارے مسائل حل کریں، ہم ہندوستان کے رسمی جواب کے منتظر ہیں‘‘۔ میڈیا کے مطابق اپنے مکتوب میں عمران خان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی بھی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔پاکستانی وزیراعظم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ مسٹر مودی کے جذبات کی تائید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ صرف مضبوط تعلقات میں ہے ۔سفارتی ذرائع کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ عمران خان نے اپنے مکتوب میں دہشت گردی اور کشمیر سمیت تمام دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات کے احیاء پر زور دیا ہے ۔ قبل ازیں عمران خان کو انتخابات جیتنے پر بھی وزیراعظم مودی نے انھیں اپنے مبارکبادی ٹیلی فون کال میں کہا تھا کہ انھیں امید ہے دونوں ممالک ’’مل کر کام کرتے ہوئے باہمی روابط میں نیا باب کھولیں گے‘‘۔ عمران خان کے مکتوب کو جامع عمل مذاکرات کا احیاء کرنے کیلئے زور دینا سمجھا جارہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہند۔پاک جامع بات چیت کا عمل دوبارہ شروع ہونا چاہئے جو ہندوستان کئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد اپنی راہ کھو دیا۔ وزیراعظم مودی نے گزشتہ ماہ جب کرکٹر سے سیاستدان بننے والے عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا، تب اچھے پڑوسی کے طور پر تعلقات استوار کرنے اور تعمیری و بامعنی مشغولیت کو بڑھانے کیلئے نئی دہلی کے عہد سے واقف کرایا تھا۔ مودی کے تعمیری مشغولیت پر زور کے جواب میں عمران نے جامع مذاکرات کا احیاء چاہا ہے۔ انھوں نے پہلے قدم کے طور پر رواں ماہ کے اواخر نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے سشما سوراج اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے اور عین ممکن ہے یہ میٹنگ ہوگی
۔
56 انچ کا سینہ کہاں ہے، کانگریس کا طنز
نئی دہلی ، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس آج تعجب کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا 56 انچ کا سینہ کہاں چلا گیا جبکہ اس نے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی اور ہندوستانی فوجی نریندر سنگھ کی ہلاکت کے پس پردہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ 56 انچ کے سینہ کی باتیں کرنے والے اب ایک شہید کا گلا کاٹنے پر خاموش کیوں ہیں۔؟