اسلام آباد ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے صدرنشین عمران خان نے الیکشن ریفارمز ایکٹ 2017 کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ ماہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ترامیم کے بعد انتخابات بل 2017 منظور کرایا تھا جس کے بعد پناما کیس میں نااہل قرار دیئے گئے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ایک بار پھر پارٹی کے صدر منتخب کرلیا گیا تھا۔ صدرنشین تحریک انصاف نے الیکشن ریفارمز کے خلاف سپریم کورٹ میں عوامی مفاد کے آرٹیکل 184/3 کے تحت درخواست دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ پناما پیپرز کیس کے فیصلے میں نوازشریف کو رکن قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نااہل کیا گیااور اسی کیس کے نتیجے میں نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت چھوڑنا پڑی لیکن نوازشریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر دوبارہ لانے کے لئے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی گئیں۔درخواست میں الیکشن ایکٹ 2017 کی ترامیم کو آئین سے متصادم قراردیتے ہوئے کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔