تین خاتون وزراء بھی شامل، ہر روز 12 گھنٹے کام کرنے کا عزم
اسلام آباد ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے 16 ارکان نے پاکستان کی وفاقی حکومت کے قیام کیلئے حلف لیا جس کا عمل آج کی حلف برداری کے بعد مکمل ہوگیا۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے 16 وفاقی وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلوایا جبکہ اس تقریب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی موجود تھے۔ نئی کابینہ میں 16 وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے پانچ مشیر شامل ہیں جن میں سے اکثریت ایسی شخصیات کی ہیں جنہوں نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ چند اہم وزراء کے اسمائے گرامی اس طرح ہیں۔ شاہ محمود قریشی (وزیرخارجہ)، پرویز کھتک (وزیردفاع)، اسد عمر (وزیرمالیات)، فواد چودھری (وزیراطلاعات)، شفقت محمود (وزیرتعلیم)، امیر کیانی (وزیرصحت)، نورالحق قادری (وزیر مذہبیات) اور شیخ رشید (وزیر ریلوے)۔ جبکہ دیگر وزراء میں خسرو بختیار (وزیر آبی وسائل)، فروغ نسیم (وزیرقانون)، خالد مقبول صدیقی (وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن)، چودھری طارق، بشیر چیمہ(وزیر ریاسیات و سرحدی علاقے) اور غلام رسول خان (وزیر پٹرولیم) کابینہ میں تین خاتون وزراء فہمیدہ مرزا (وزیر برائے بین صوبائی رابطہ)، زبیدہ جالا (وزیر برائے دفاعی پروڈکشن) اور شیریں مزاری (وزیرانسانی حقوق) نے بھی حلف لیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ پی ٹی آئی کے نائب صدر قریشی 2008ء تا 2011ء کے درمیان بھی پیپلز پارٹی حکومت میں وزیرخارجہ کے عہدہ پر فائز رہے اور ان کی اسی میعاد کے دوران 2008ء میں ممبئی میں دہشت گرد حملے کئے گئے تھے۔ وزیرمالیات اسد عمر لیفٹننٹ جنرل محمد عمر کے فرزند ہیں جو 1971ء میں پاکستان کی ہندوستان سے جنگ کے دوران پاکستانی فوج کا حصہ تھے۔ اس موقع پر وزیردفاع کھتک نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کابینہ ہر روز 12 گھنٹے کام کرے گی تاکہ وزیراعظم عمران خان کے وضع کئے گئے ایجنڈہ پر تیز تر عمل آوری کی جاسکے۔ وزیراطلاعات چودھری نے کہا کہ ملک کی میڈیا کو مزید آزاد اور روشن خیال بنانے کیلئے متعدد تبدیلیاں متعارف کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی آج کابینہ کا پہلا اجلاس طلب کیا ہے۔ جن شخصیات کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کیا گیا ہے، ان میں پی پی پی حکومت کے سابق وزیرقانون بابراعوان کا نام قابل ذکر ہے۔ یاد رہیکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو صدر ممنون حسین نے ایک سادہ سی تقریب میں 18 اگست کو ایوان صدر میں حلف دلایا تھا۔