عمران خان نے مجھے سبکدوشی سے روکا تھا:گواسکر

نئی دہلی ۔18 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران ہی تھے جنہوں نے مجھے جلد سبکدوش ہونے سے روکنے کیلئے چینلنج کیا تھا کہ وہ ہندوستان کو شکست دینا چاہتے ہیں لیکن اگر ٹیم میں سنیل گواسکر نہ ہوئے تو مزا نہیں آئے گا۔عمران خان کی حلف برداری کے موقع پر گواسکر مصروفیات کی بنا پر شرکت تو نہ کر سکے لیکن انہوں نے عمران خان کے ساتھ گزارے پرانے وقت کو یاد کیا ہے۔گواسکر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 1986 میں انگلینڈ کے دورے کے اختتام پر جب میں نے عمران کو اپنی سبکدوشی کے ارادے سے آگاہ کیا تو انہوں نے مجھے روک دیا اور کہا کہ اگلے سال پاکستان ہندوستان کو شکست دینے ہندوستان آ رہا ہے اور اگر تم ابھی سبکدوش ہو جاؤ گے تو مزہ نہیں آئے گا۔چلو ایک دوسرے کے خلاف ایک آخری میچ کھیلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ 1986 کا ذکر ہے جب عمران خان اور میں لندن کے ایک اطالوی ریسٹورنٹ میں بیٹھے دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔میں نے کہا کہ اگر دورے کا اعلان فائنل میچ سے پہلے نہیں کیا گیا ہو تا تو میں کر کٹ سے اپنی سبکدوشی کا علان کر دیتا۔1986 اور 1987 وہ وقت تھا جب پاکستان کی قیادت عمران خان اور ہندوستان کے کپتان سنیل گواسکر تھے۔ہندوستانی ٹیم میں کپل دیو اور دلیپ وینگسرکر تھے جبکہ عمران خان کے پاس جاوید میانداد جیسے کھلاڑی موجود تھے۔بیٹسمین ہونے کے ناطے عمران اورسنیل گواسکر اکثر پچ پر باتیں بھی کرتے تھے۔