دوبئی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد 38 سالہ شخص کے رشتہ داروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اُس کی مبینہ خودکشی کے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ عہدیداروں نے اُن کی موت کی وجہ بننے والے مسلسل واقعات پر یقین کرنے سے انکار کردیا ہے۔ کیرالا کے متوطن انیل کمار اپنی قیامگاہ میں مردہ پائے گئے۔ مبینہ طور پر اُن کا گلا کاٹ دیا گیا تھا۔ یہ واردات 30 ڈسمبر کو پیش آئی تھی۔ کمار کے رشتہ داروں میں سے ایک پرساد نے ہندوستانی سفارت خانہ سے ربط پیدا کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
بحرین میں مقیم ہندوستانی کو ’’بھارت گورو ایوارڈ‘‘
دوبئی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بحرین میں مقیم ایک ہندوستانی کو باوقار ’’بھارت گورو ایوارڈ‘‘ دیا گیاجو اپنی برادری کے لئے اُن کی خدمات کا اعتراف ہے۔ 43 سالہ جان آئیپ کو انڈیا انٹرنیشنل فرینڈشپ سوسائٹی نے اِس ایوارڈ کے لئے منتخب کیا ۔ وہ کل نئی دہلی میں یہ ایوارڈ حاصل کریں گے۔ روزنامہ گلف نیوز کے بموجب جان آئپ 40 سال سے زیادہ مدت سے بحرین میں مقیم ہیں اور تعمیراتی کمپنی میں منیجر ہیں۔ وہ مدر ٹریسا ، سنیل گواسکر ، شمی کپور ، راجیش کھنہ اور دیوآنند سے بھی مل چکے ہیں جنھیں ماضی میں یہی ایوارڈ دیا گیا تھا۔