ڈبلن ، 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عمان کا ایک کرکٹ قوم کے طور پر سحرانگیز عروج جمعرات کو جاری رہا جب وہ ہندوستان میں آئندہ سال کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلئے کوالیفائی ہوگئے۔ ڈبلن کے قریب مالاہائڈ میں آئی سی سی کوالیفائنگ ایونٹ میں نمیبیا کے مقابل پانچ وکٹ کی جیت نے خلیج کی اس نوخیز ٹیم کو اپنے اولین میجر انٹرنیشنل ٹورنمنٹ تک پہنچا دیا۔ اس فتح کے نتیجے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عمان کو مکمل ٹوئنٹی 20 درجہ عطا کردیا، جس کے کوچ سابق سری لنکا کیپٹن دلیپ مینڈیس ہیں اور حال میں انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر ڈیرک پرنگل کی ٹکنیکل اڈوائزر کے طور پر بھرتی کی گئی ہے۔ عمان نے اس کولیفائنگ ٹورنمنٹ میں قبل ازیں کناڈا، نیدرلینڈز اور افغانستان کو شکست دی تھی، جو تمام زیادہ تجربہ کار اسوسی ایٹ یا نان ٹسٹ کرکٹ اقوام ہیں۔ جمعرات کو افغانستان نے دیگر دستیاب کوالیفائنگ مقام پاپوا نیو گینی کے مقابل چھ وکٹ کی کامیابی کے ساتھ حاصل کرلیا۔ یہ لگاتار چوتھی مرتبہ ہے کہ افغانستان جس نے رواں سال کے 50 اوور والے ورلڈ کپ منعقدہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مسابقت کی، ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلئے کوالیفائی ہوگیا ہے۔ 16 ٹیمیں جو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے فائنلس والے مرحلے میں مسابقت کریں گی، 10 ٹسٹ اقوام کے علاوہ کوالیفائرز اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، ہانگ کانگ، نیدرلینڈز، افغانستان اور عمان ہیں۔