حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) عمارت کی بلندی سے مشتبہ طور پر گرکر ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔یہ واقعہ بہادرپورہ پولیس حدود میں پیش آیا۔ جہاں 40 سالہ میر محمد علی کل رات عمارت کی بلندی سے گرکر ہلاک ہوگئے ۔ انسپکٹر بہادرپورہ مسٹر تروپتنا کے مطابق میر محمد علی عمارت کی دوسری منزل پر سیل فون پر بات کر رہے تھے کہ وہ دوسری منزل سے نیچے گرکر ہلاک ہوگئے ۔ پیشہ سے باورچی میر محمد علی بہادر پورہ علاقہ میں رہتے تھے ۔ ان کے سرپر گہرے زخم آنے سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
شادی میں تاخیر پر ایک شخص کی خودکشی
حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) شادی کا رشتہ طئے ہونے میں دشواری اور شادی میں تاخیر سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ تکارام گیٹ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 30 سالہ وی راماکرشنا نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔راما کرشنا پیشہ سے ڈرائیور تھا اور اڈہ گٹہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص ہر روز نشہ کا عادی تھا ۔ اس کیلئے شادی کے رشتے تلاش کئے جارہے تھے ۔ تاہم رشتہ طئے ہونے میں دشواری پیش آرہی تھی ۔ جس سے تنگ آکر اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔