عماد کا جارحانہ سنچری ، پاکستانی ٹیم کا دورۂ انگلینڈ کا کامیاب آغاز

لندن ۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل انگلینڈ کے دورے کا پاکستانی ٹیم نے کامیاب آغاز کرلیا ہے اور عماد وسیم کی جارحانہ سنچری کی مدد سے کینٹ کی ٹیم کو باآسانی 100 رنز سے شکست دے دی۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دونوں اوپنرز امام الحق اور فخرزمان نے 92 رنز کا آغاز کیا۔ امام الحق 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بابراعظم صرف 9 رنز کا اضافہ کرپائے تاہم فخرزمان کے علاوہ حارث سہیل نے بھی ذمہ دارانہ مظاہرہ کیا۔ فخرزمان 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 138 رنز تھا جس کے بعدکپتان سرفراز 152 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے اور تجربہ کار شعیب ملک بھی صرف 4 رنز کا اضافہ کر پائے۔ حارث سہیل اور عماد وسیم چھٹی وکٹ پر طویل شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 164 سے 303 رنز تک پہنچادیا اس دوران حارث سہیل 75 رنز کی اننگز کھیل کر ہیرس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم نے ناقابل شکست 117 رنز بنائے اور ٹیم کو مقررہ اوورز میں سات وکٹوں پر 358 رنز کے مجموعے تک پہنچادیا۔ انگلینڈ کے بولر عمران قیوم بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔کینٹ کی ٹیم 358 رنز کے ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 258 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ پاکستانی بولروں کی شان دار کارکردگی کی بدولت کینٹ کے اوپنرز بالترتیب 7 اور 2 بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم رابنسن نے 49 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب لانے کی کوشش لیکن انہوں نے 76 گیندوں کا سامنا کیا۔ بلیک نے جارحانہ انداز میں سب سے زیادہ 89 رنز بنائے اور انہوں نے صرف 48 گیندوں کا سامنا کیا لیکن دیگر بیٹسمین بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ یاسر شاہ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کئے ان کے علاوہ فہیم اشرف، حسن علی اور فخر زمان نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی 5 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 8 مئی کو ونڈے سیریزکا آغاز ہوگا۔