عماد پاکستان کرکٹ کا مستقبل، زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے : وسیم اکرم

کراچی ، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی تو حاصل کر لی لیکن اس کے باوجود بھی بیٹسمینوں کو سابق کھلاڑیوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔سابق کپتان وسیم اکرم بھی بیٹسمینوں کی ٹی ٹوئنٹی میچ میں حالیہ کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ احمد شہزاد پر میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں لیکن جس غیر ذمہ داری کا انہوں نے مظاہرہ کیا ،وہ افسوسناک ہے۔ وسیم اکرم نے بتایا کہ مختصر فارمٹ میں اوپنرز کی جانب سے جارحانہ کارکردگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ مختار احمد با صلاحیت کرکٹر ہیں لیکن انہیں پاکستان کی نیشنل ٹیم میں قدم جمانے کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔ عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ اب زیادہ دور نہیں ہے، لہٰذاایسی کارکردگی کے ساتھ میگا ایونٹ میں نہیں جاسکتے ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی مؤثر تیاری کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کے خلاف بیٹسمنوں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔ اگر بولرز ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتے تو ناکامی یقینی تھی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی آسان ثابت نہیں ہو گی۔ مہمان ٹیم بہت مشکل ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے اور کامیابی حاصل کرنی ہے تو پاکستانی ٹیم کو سخت محنت کرنی ہو گی۔ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ عماد وسیم اور دیگر نوجوان کرکٹرز ملک وقوم کا مستقبل ہیں ۔ لہٰذا پاکستان کرکٹ کو بچانے کیلئے نئے کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ کھلانا اور اعتماد دینا ہو گا۔