عماد وسیم کے جشن منانے کے انداز پر تنقید

ابوظہبی ۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں شاندار واپسی کرنے والے عماد وسیم نے وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے نئے انداز کے راز سے پردہ اٹھادیا۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ سے ایک سال بعد شاندارواپسی کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم نے میچ میں بہترین کھیل پیش کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تاہم میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد ان کا جشن منانے کا نیا انداز موضوع بحث رہا اور سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا جب کہ خود کرکٹر نے بھی نئے انداز کے راز سے پردہ اٹھادیا۔ عماد وسیم کے بموجب فٹبال میچز بڑے شوق سے دیکھتا ہوں اور کرسٹینا رونالڈو میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، ان کا جشن منانے کا انداز بہت اچھا لگتا ہے، لہذا میری کوشش ہے کہ اپنے پسندیدہ فٹبالر کی طرح خوش کا اظہار کرکے ان لمحات لطف اندوزہوں۔ جہاں مداحوں نے عماد وسیم کی شاندار واپسی کی تعریف کی وہیں چند لوگوں نے انہیں معروف فٹبالر کا انداز اپنانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے صارف نے کہا کہ شکر ہے رونالڈو کرکٹ نہیں دیکھتا ورنہ اسے اپنے جشن کا انداز تبدیل کرنا پڑجاتا۔ ایک اور صارف نے کہا سوچیں، رونالڈو یہ انداز دیکھنے کے بعد کیا ردعمل دے گا۔