عماد وسیم زخمی،دورہ انگلینڈ میں شرکت پر سوالیہ نشان

کراچی ۔11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم پریکٹس کرتے ہوئے زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عماد وسیم کا گھٹنہ مڑ گیا ہے۔ ان کا زخم کتنا شدید ہے اس کا اندازہ فٹنس ٹسٹ میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کیلئے 15 اور17 اپریل کو لاہور میں فٹنس ٹسٹ لیا جارہا ہے جس میں کامیاب ہونے والے کھلاڑی ہی ورلڈکپ میں کھیل سکیں گے۔ عماد وسیم آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ونڈے سیریز کے دوران شارجہ میں فٹنس ٹسٹ بھی کامیاب نہیں کرپائے تھے۔ عماد اگر فٹنس ٹسٹ کے مرحلے سے نہ گذر سکے تو ان کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ عماد وسیم شاید 5 مئی کو انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز میں شرکت نہ کرسکیں ۔یادر ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے آخری دو مقابلوں میں عماد نے ٹیم کی قیادت کی تھی۔